انڈیا: نوٹ تبدیل کرنے والوں کی انگلی پر سیاہی کا نشان لگے گا
انڈیا میں حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ پانچ سو اور ہزار روپے کے نوٹ کو تبدیل کرنے والوں کی انگلیوں پر نہ مٹنے والی سیاہی لگائی جائے گی تاکہ بار بار ایسا کرنے والوں کو باز رکھا جا سکے۔
حکام کے مطابق یہ وہی سیاہی ہوگی جو ووٹ ڈالتے وقت ووٹروں کی انگلیوں پر لگائی جاتی ہے۔
اقتصادی امور سے متعلق محکمے کے سیکریٹری شكتی كانت داس نے منگل کو نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہ کام منگل کے روز سے ہی بڑے شہروں کے بینکوں میں شروع کر دیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ کچھ لوگ ایک ہی دن میں بار بار نوٹ تبدیل کر رہے ہیں۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ اس بات کی نشاندہی کیسے ہوگی کہ سیاہی کا نشان ایک دن پہلے یا ایک دن بعد کا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ اس کے بارے میں بینکوں کو ہدایات دی جاری کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے پرانے نوٹوں پر پابندی کے بعد ایک دن میں ایک شخص کو چار ہزار روپے کے نوٹ تبدیل کرنے کی ہی اجازت دی ہے۔
داس نے یہ بھی بتایا کہ لوگوں کو پریشانی سے بچانے کے لیے بینکوں میں مائیکرو اے ٹی ایم لگائے جارہے ہیں۔ یہ مختلف طرح کا ایک گرین چینل ہوگا جس میں لوگ ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ سے پیسے نکال سکتے ہیں۔
انھوں نے بتایا ہے کہ شکایت ملنے کے بعد مندروں اور ٹرسٹوں میں عطیہ دینے پر بھی نظر رکھی جا رہی ہے۔
سکریٹری کے مطابق ان اقدامات سے حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ لوگوں کو کم پریشانی ہو۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں نقد کرنسی کی کمی نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ضروری چیزوں کی فراہمی پر سخت نظر رکھی جا رہی ہے اس لیے لوگوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ملک میں نمک کی کوئی کمی نہیں ہے۔
واضح رہے کہ انڈیا میں یہ افواہ گرم ہوگئی تھی کہ نمک ک قلت ہے جس کے بعد دکانوں پر نمک ملنا بند ہوگیا تھا۔
حکومت نے دو ہزار روپے کا جو نیا کرنسی نوٹ جاری کیا ہے اس سے رنگ چھوٹ رہا ہے اور اس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ یہ عام بات ہے اور جو نوٹ رنگ نہیں چھوڑ رہے ہیں وہ جعلی ہیں۔