پانچ ارب روپے کی شادی پر لوگوں کی برہمی

شادی تصویر کے کاپی رائٹ JANARDHANA REDDY FAMILY

ایک انڈین سیاست دان کی بیٹی کی پرتعیش شادی کے بعد ملک بھر میں برہمی کی لہر دوڑ گئی ہے جہاں کروڑوں لوگ شدید غربت کے عالم میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔

کاروباری شخصیت اور سابق وزیر جی جاناردھن ریڈی کی بیٹی برہمنی کی شادی پر پانچ ارب انڈین روپے (تقریباً ساڑھے سات کروڑ ڈالر) خرچ آیا ہے۔

سونے کی پلیٹوں والے دعوت نامے اور بالی وڈ کے ستاروں کی پرفارمنس سے مزین یہ شادی خاصی متنازع ہو گئی ہے۔ ناقدین نے اسے 'دولت کی فاحشانہ نمائش' قرار دیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ JANARDHANA REDDY FAMILY

یہ شادی انڈین حکومت کے اس اعلان کے چند ہی روز بھی منعقد ہو رہی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ وہ بدعنوانی کے خاتمے کے لیے پانچ سو اور ہزار کے نوٹ ختم کر رہی ہے۔

شادی کے اعداد و شمار

کل خرچ: پانچ ارب روپے

ایل سی ڈی سکرینوں سے مزین طلائی دعوت نامے: ایک کروڑ روپے

دلھن کی ساڑھی: 17 کروڑ روپے

دلھن کے زیورات: 90 کروڑ روپے

حفاظتی اہلکار اور پولیس والے: 3300

ماخذ: انڈین میڈیا

انڈیا میں عالیشان شادیاں کوئی غیر معمولی بات نہیں ہیں اور بہت سی شادیوں میں تمام لین دین کیش پر ہوتا ہے۔

ریڈی نے کہا کہ انھوں نے بینگلور اور سنگاپور میں اپنی جائیداد کرائے پر دے کر شادی کے لیے رقم اکٹھی کی ہے اور تمام ادائیگیاں چھ ماہ قبل ہی کروا دی گئی تھیں۔

تاہم اس کے باوجود لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس شادی پر طنز و تشنیع کے تیر برسانا شروع کر دیے۔ ان کے سیاسی مخالفین نے بھی یہ کہنے میں دیر نہیں کی کہ وزیرِ اعظم کو کالے دھن کے خلاف مہم میں بڑی شخصیات پر بھی ہاتھ ڈالنا چاہیے۔

ریڈی بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ریاست کرناٹک کے سابق وزیر رہ چکے ہیں۔ تاہم اس کے بعد سے انھوں نے بدعنوانی کے الزام میں تین برس جیل میں گزارے، اور پچھلے ہی سال ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ وہ اپنے خلاف تمام الزامات سے انکار کرتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ NILIM DUTTA
Image caption نیلم دتا نے طنز کیا کہ بی جے پی کے سابق وزیر کو بینک کے آگے نوٹ بدلوانے میں کتنی مشکل ہوئی ہو گی

شادی کی تیاریاں مہینوں پہلے ہی شروع ہو گئی تھیں۔ اطلاعات کے مطابق بالی وڈ کے آٹھ ہدایت کاروں کو مندروں کی شکل کے سٹیج تیار کرنے کی خاطر بلایا گیا ہے۔

مہمانوں کو لانے اور لے جانے کے لیے لگژری بیل گاڑیاں استعمال کی جائیں گی۔

تاہم یہ انڈیا کی سب سے مہنگی شادی نہیں ہے۔ اس سے قبل انڈیا کے دوسرے امیر ترین شخص لکشمی متل کی بیٹی کی شادی پر 2004 میں سات کروڑ 40 لاکھ ڈالر خرچ اٹھا تھا۔ فوربز کے مطابق اس شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے ایک ہزار مہمانوں کو جہاز میں فرانس لے جایا گیا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں