انڈیا: کشمیر میں برفباری نے سیاحت کو زندہ کردیا

گلمرگ
Image caption سطح سمندر سے 8700 فٹ کی بلندی پر واقع گلمرگ کی برف پوش پہاڑیاں بہت خوبصورت ہیں

مغربی ہمالیہ کے پیرپنچال سلسلے میں واقع انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کا خوبصورت سیاحتی مقام گلمرگ گذشتہ برس گرما میں سُنسان تھا۔ جولائی میں مسلح رہنما برہان وانی کی ہلاکت کے خلاف کشمیر اُبل پڑا تو سیاحت معطل ہوگئی تھی۔

لیکن چھ ماہ کی کشیدگی کے بعد کشمیر میں بھاری برفباری کے بعد عام لوگوں اور سیاحت سے وابستہ حلقوں میں اُمید کی کرن نظر آرہی ہے۔

سطح سمندر سے 8700 فٹ کی بلندی پر واقع گلمرگ کا قصبہ سرینگر سے شمال کی جانب پچاس کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ گذشتہ کئی برس سے جاڑے میں بہت کم برفباری ہوتی تھی۔ لیکن اس سال جنوری میں ہی بھاری برفباری ہوئی جس نے بھارت اور دوسرے ملکوں سے سیاحوں کو کشمیر کی طرف راغب کردیا۔

Image caption اس سال جنوری میں ہی بھاری برفباری ہونے نے سے بھارت اور دوسرے ملکوں سے سیاحوں کو کشمیر کی طرف راغب کردیا ہے

گجرات سے اپنی بہن کے ہمراہ آنے والی لینا اچاریہ کہتی ہیں: 'برفباری کا تو مزہ ہم لے ہی رہے ہیں، لیکن یہاں کے لوگ بہت اچھے ہیں۔ ٹی وی پر کہتے ہیں کشمیر ایسا ہے ویسا ہے، لیکن ہم سب کو فون کر کر کے بتا رہے ہیں کہ کشمیر جنت ہے۔ ہمیں بتایا گیا کہ سنگاپور جاؤ، سوئٹزر لینڈ جاو، لیکن ہم کہیں نہیں جائیں گے، ہم صرف کشمیر آئیں گے اور بار بار آئیں گے۔'

نئی دلّی کی پیا سوڑھی پہلی بار کشمیر آئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پوری دنیا گھومنے کے بعد انھیں احساس ہوا کہ 'کشمیر نہیں دیکھا تو کچھ نہیں دیکھا۔'

Image caption تجارتی حلقوں کو اُمید ہے کہ برفباری سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور گذشتہ گرما میں کشیدگی کے دوران معیشت کو ہزاروں کروڑ کا جو خسارہ اُٹھانا پڑا ہے وہ کسی حد تک پورا ہوگا

برفباری سے سیاح ہی نہیں بلکہ مقامی لوگ بھی محظوظ ہورہے ہیں۔ طالب علم ثاقب بشیر کا کہنا ہے: 'ہماری نسل تناؤ اور خوف میں جی رہی ہے۔ حال ہی میں جو ہم نے دیکھا وہ بہت تکلیف دہ ہے۔ برفباری ہوئی تو ہم نے سوچا گلمرگ جاکر دل اور دماغ تازہ کرلیں۔ یہاں آتے ہی ہم کو لگا کہ سب کچھ ختم نہیں ہوا ہے۔'

تجارتی حلقوں کو بھی اُمید ہے کہ برفباری سے سیاحت کو دوبارہ فروغ ملے گا اور گذشتہ گرما میں کشیدگی کے دوران معیشت کو ہزاروں کروڑ کا جو خسارہ اُٹھانا پڑا ہے وہ کسی حد تک پورا ہوگا۔

سرینگر اور گلمرگ میں کئی ہوٹلوں کے مالک عمران حمزہ کہتے ہیں : 'برفباری تو ہمارے لے لیے خدا کا تحفہ ہے۔ سیاحوں کی تعداد کم ہے، لیکن ہمیں امید ہے کہ لوگ آئیں گے اور سنسان ہوٹلوں میں پھر ایک بار چہل پہل ہوگی۔'

تصویر کے کاپی رائٹ BBC Sport
Image caption لینا کا کہنا ہے کہ ٹی وی پر کہتے ہیں کہ کشمیر میں ایسا ہے ویسا ہے لیکن یہاں کے لوگ تو بہت اچھے ہیں

حکومت بھی سیاحت کے احیا کی خاطر اقدامات کر رہی ہے۔ شعبہ سیاحت کے ڈائریکٹر محمود شاہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کا محکمہ احمدآباد، ممبئی ، کولکتہ اور لکھنو میں روڈ شوز کررہا ہے، تاکہ بھارتی باشندوں کو یہاں کے حالات سے آگاہ کرکے انھیں سیاحت کے لیے مرغوب کیا جاسکے۔

محمود شاہ کہتے ہیں: 'ہم نے بھارت کے ٹی وی چینلز، اخبارات اور دوسرے میڈیا اداروں میں اشتہارات کی مہم شروع کی ہے۔ مجھے اُمید ہے کہ فروری سے پہلے ہی سیاحوں کی آمد پہلے کی طرح بحال ہوجائے گی۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں