انڈیا: ٹرین حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 36 ہوگئی

ہیرا کھنڈ ایکسپریس تصویر کے کاپی رائٹ SUBRAT KUMAR PATI
Image caption یہ حادثہ سنیچر کو رات گئے پیش آیا جب ایک ٹرین جگدلپور سے پھونیشور کی جانب جا رہی تھی

حکام کا کہنا ہے کہ انڈیا کی ریاست آندھرا پردیش میں ایک ٹرین کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 32 اہو گئی ہے جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔

ایسٹ کوسٹ ریلوے کے سربراہ جے پی مشرا کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ وجے نگرم ضلعے میں کونیری سٹیشن کے قریب اس وقت پیش آیا جب انجن اور سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

مسٹر مشرا نے مقامی صحافی سندیپ کمار ساہو سے بات کرتے ہوئے 36 لوگوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ حادثے میں بہت سے لوگوں کے زخمی ہونے کی بھی خبریں ہے۔

بہت سے افراد تاحال ملبے تلے پھنسے ہوئے ہیں جبکہ امدادی کارکنوں نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

ٹرین کے پٹری سے اترنے کی وجہ تا حال واضح نہیں ہو سکی ہے۔

خیال رہے کہ یہ حادثہ سنیچر کو رات گئے پیش آیا جب ہیرا کھنڈ ایکسپریس ٹرین جگدلپور سے پھونیشور کی جانب جا رہی تھی۔

حادثے کی معلومات پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلی چندر بابو نائیڈو نے ٹویٹ کیا: 'وجے نگرم کے پاس ریل حادثے پر غمزدہ ہوں۔ ہم صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور ہر ممکن امداد بہم پہنچا رہے ہیں۔ حادثے میں مارے جانے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں ہم شریک ہیں۔ ہم حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption انڈیا میں ریلوے کا نظام پرانا ہونے کے سبب ٹرین کے حادثے معمول کی بات ہیں

انڈیا میں ریلوے کا نظام پرانا ہونے کے سبب ٹرین کے حادثے معمول کی بات ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق انڈیا میں ایک دن میں دو کروڑ 30 لاکھ افراد ٹرین کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔

گذشتہ سال نومبر میں ریاست اتر پردیش میں ٹرین پٹری سے اتر گئی تھی جس کے نتیجے میں 140 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

جبکہ مارچ 2015 میں بھی اتر پردیش میں ہی پیش آنے والے ایک حادثے میں 39 افراد ہلاک اور 150 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں