کلبھوشن کی سزا پر انڈین دھمکیاں

ٹویٹر
،تصویر کا کیپشن

سبرامینین نے یہ ٹویٹ اپنے اکاونٹ سے کیا

بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن سبرامینیم سوامی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے کلبھوشن جادھو کو سزا موت دی تو بھارت کو بلوچستان کی علیحدگی کی حمایت شروع کر دینی چاہیے۔

ایک ٹوئٹ میں حزب اقتدار کے رہنما کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان نے کلبھوشن کو تخت دار پر لٹکا دیا تو انڈیا کو بلوچستان کو ایک علیحدہ ملک کے طور پر تسلیم کر لینا چاہیے۔

پاکستان میں مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کو سزا موت سنائے جانے پر انڈیا میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے اور حزب اقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان نے دھمکی آمیز لہجہ اختیار کر لیا ہے۔

سوامی سبرامینیم کی ایک اور ٹویٹ میں مزید کہا گیا کہ اگر پاکستان نے اس کے بعد بھی کوئی ایسی حرکت کی تو سندھ پاکستان سے علیحدہ ہو جائے گا۔

سوامی

،تصویر کا ذریعہAFP

اس سے قبل انڈیا کی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کلبھوشن کو ’انڈیا کا فرزند‘ قرار دیا اور پاکستان کی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر کلبھوشن کی سزا پر عمل درآمد کیا گیا تو پاکستان کو باہمی تعلقات پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں سوچ لینا چاہیے۔

انڈین پارلیمان میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ کلبھوشن کے پاس ویزا تھا اور انھیں جاسوس قرار نہیں دیا جا سکتا۔

کلبھوشن کے بارے میں انڈیا کا موقف یہ ہے کہ وہ ایک ریٹائرڈ نیوی افسر ہیں جو ایران میں اپنے کاروبار کے سلسلے میں موجود تھے جہاں سے انھیں اغوا کر کے پاکستان لایا گیا ہے۔

پاکستان میں کلبھوشن کی گرفتاری کے بعد ان کا ایک اعترافی بیان نشر کیا گیا تھا جس میں انھوں نے اپنے حاضر سروس نیوی افسر ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ انھوں نے یہ بھی تسلیم کیا تھا کہ وہ بھارتی خفیہ ادارے کے لیے کام کر رہے تھے اور بلوچستان کے علاقہ رشاخیل میں قائم پذیر تھے۔ ان کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ بلوچستان کے علیحدگی پسندوں کو مدد فراہم کر رہے تھے۔