’انڈین ٹرینوں کا کھانا استعمال کے قابل نہیں‘

انڈیا ریلوے

انڈیا میں حکام کی جانب سے جاری کی جانے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈین ٹرینوں اور ریلوے سٹیشنوں پر دیا جانے والا کھانا انسانوں کے لیے صحیح نہیں ہے۔

سالانہ آڈٹ رپورٹ کے مطابق 80 ٹرینوں اور 74 ریلوے سٹیشنوں کا جائزہ لینے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ وہاں موجود کھانا خراب تھا جبکہ پیکنگ میں موجود کھانے کی معیاد گزر چکی تھی۔

اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کھانے کی اشیا کو ایسی جگہوں پر رکھا جاتا ہے جہاں مکھیاں، چوہے اور لال بیگ آسانی کے ساتھ پہنچ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ انڈیا میں دنیا کے بڑے ریلوے نظاموں میں سے ایک موجود ہے جہاں دو کروڑ 30 لاکھ افراد روزانہ ان ٹرینوں پر سفر کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

تاہم انڈین ریلوے کی کیٹرنگ سہولیات کو اکثر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے اور گذشتہ فروری میں ہی انڈین ریلوے نے نئی کیٹرنگ پالیسی کا اعلان بھی کیا تھا۔

سی اے جی کی جانب سے جاری کی جانے والی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرینوں اور ریلوے سٹیشنز پر کھانے کی اشیا کے حوالے سے صفائی اور حفظان صحت کے اصولوں کا خیال نہیں رکھا جاتا۔

رپورٹ میں اس سب کی ذمہ داری پالیسیوں کے مسلسل تبدیل کیے جانے کو قرار دیا گیا ہے۔