ممبئی: چارمنزلہ عمارت منہدم، 17 افراد ہلاک

ممبئی

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشن

حکام کے مطابق ابھی بھی ملبے کے نیچے سے لوگوں کو نکالنے کا کام جاری ہے

انڈیا کے صنعتی شہر ممبئی میں ایک چار منزلہ رہائشی عمارت کے منہدم ہو جانے کے سبب مرنے والوں کی تعداد 17 ہوگئی ہے۔

ممبئی میونسپل کارپوریشن کے اہلکار نے انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ بدھ کی صبح مزید پانچ لاشیں نکالی گئی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ 'نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے جوانوں نے 28 افراد کو ملبے سے نکالا جس میں سے 17 کو مردہ قرار دیا گیا ہے جبکہ 11 افراد کو قریبی ہسپتال میں داخل کرایا گيا ہے۔'

انھوں نے بتایا کہ ملبے کے نیچے دبے مزید افراد کی تلاش جاری ہے۔

عمارت گرنے کا یہ واقعہ منگل کوگھاٹ کوپر کے علاقے میں پیش آیا۔

خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق پولیس نے عمارت کے منہدم ہونے کے سلسلے میں ریاست میں حکمراں جماعت شیو سینا کے ایک رہنما سنیل شیتپ کو حراست میں لیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

وہاں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سدھی سائی کواپریٹو ہاؤزنگ سوسائٹی کی یہ عمارت ستون کمزور ہو جانے کے سبب گر گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس کے گراؤنڈ فلور میں ایک نرسنگ ہوم کے لیے تجدید کاری کا کام جاری تھا۔

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشن

مخصوص کتے کا ملبے کے نیچے زندگی کے آثار کی تلاش کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے

خیال رہے کہ گذشتہ ایک ہفتے سے ممبئی اور مغربی علاقوں میں شدید بارش بھی ہو رہی جس کی وجہ سے ملحقہ ریاست گجرات کے کئی علاقوں میں سیلاب آ گیا ہے جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم نے سیلاب سے نمٹنے کے لیے 500 کروڑ روپے کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلی دیویندر فڈنوس نے رات جائے حادثہ کا دورہ کیا اور کہا کہ 'اس کی رپورٹ درج کر لی گئی ہے اور پولیس جانچ کر رہی ہے۔ میں نے بی ایم سی کے کمیشنر کو ہدایت دی ہے کہ وہ 15 دنوں کے اندر رپورٹ جمع کریں۔'

انڈیا میں میں ناقص تعمیراتی سامان اور طریقۂ کار کی وجہ سے عمارتیں گرنے کے واقعات اکثر پیش آتے رہتے ہیں۔ ستمبر سنہ 2013 میں ایک چار منزلہ عمارت کے گرنے سے 54 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔

اس سے قبل اپریل ماہ میں اسی شہر میں ایک عمارت منہدم ہونے کے سبب 40 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔