چینی شخص گھریلو ساختہ ٹینک سڑکوں پر لے آیا

ٹرک تصویر کے کاپی رائٹ CCTV
Image caption شاید ہوانگ صاحب کا کیموفلاج اتنا عمدہ نہیں تھا کیوں نے پولیس نے انھیں فوراً پکڑ لیا!

ایک چینی شخص کو پولیس نے تنبیہ کرتے ہوئے اس کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس نے ایک ٹرک کو ٹینک میں تبدیل کر کے اسے سڑکوں پر چلانا شروع کر دیا تھا۔

سرکاری ٹیلی ویژن چینل سی سی ٹی وی نیوز کے مطابق جنوبی صوبے گوانگشی کے شہر لائبن میں ہوانگ نامی ایک شخص نے دو ماہ کی محنت سے ایک پرانے ٹرک کو ٹینک میں بدل دیا اور اس کے اوپر توپ اور ریڈار نصب کر دیے۔

مبینہ طور پر اس نے یہ کام انٹرنیٹ پر شہرت حاصل کرنے کے لیے کیا۔

سی سی ٹی وی نے کہا ہے کہ ہوانگ نے اس ٹرک کو کیموفلاج کے رنگوں میں رنگ کر اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنی شروع کر دیں، جس سے حکام متوجہ ہو گئے۔

22 جنوری کو جب اس نے یہ ٹرک سڑکوں پر چلایا تو پولیس نے انھیں پکڑ لیا۔

اطلاعات کے مطابق ان پر 1750 یوان (30670 پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کر دیا اور ان کا ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیا۔

پولیس ہوانگ کو پکڑ کر تھانے لے گئی اور وہاں انھیں ٹریفک قوانین اور تحفظ کے بارے میں بنیادی معلومات دی گئیں۔ ان کا ٹرک ضبط کر لیا گیا ہے اور اسے تباہ کر دیا جائے گا۔

اس واقعے نے سوشل میڈیا پر خاصی شہرت حاصل کی اور لوگوں نے مرچ مسالے لگا کر اس پر تبصرے کرنا شروع کر دیے۔

تصویر کے کاپی رائٹ MIAOPAI
Image caption ہوانگ کو یہ ٹینک بنانے میں کئی مہینے لگے

ایک صارف نے لکھا کہ ہوانگ کی گاڑی نے پولیس کو ڈرا دیا ہو گا۔

ایک اور شخص نے لکھا: 'یہ بات جاننے کے لیے بہت عقل مند ہونا ضروری نہیں ہے کہ سڑکیں ٹینکوں کے لیے نہیں بنیں۔'

ایک اور شخص کے مطابق 'انٹرنیٹ پر پہلے ہی مشہور شخصیات کی کمی نہیں۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں