تصاویر: مشرقی رنگ میں ڈوبے کینیڈا کے وزیراعظم
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو انڈیا کے دورے پر ہیں اور وہ یہاں اپنے خاندان کے ساتھ تقریباً ایک ہفتے قیام کر رہے ہیں۔
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو انڈیا کے دورے پر ہیں اور وہ یہاں اپنے خاندان کے ساتھ تقریباً ایک ہفتے قیام کر رہے ہیں۔
46 سالہ جسٹن ٹروڈو سنیچر کو اپنی اہلیہ سوفی ٹروڈو اور تین بچوں (زیویئر، ایلا گریس اور ہیڈریئن) کے ساتھ انڈیا آئے۔ یہاں انھیں دہلی کے پالم ایئرفورس ہوائی اڈاے پر جہاز سے اترتے اور انڈین انداز میں نمستے کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اپنے انڈیا دورے کے آغاز پر انھوں نے پنجاب کا دورہ کیا جہاں انھوں نے امرتسر میں سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹمپل کا بھی دورہ کیا۔
پیر کو ٹروڈو گجرات پہنچے جہاں انھوں نے اکشر دھام مندر کا دورہ کیا اور پھر مہاتما گاندھی کے آشرم سابرمتی کے لیے روانہ ہو گئے۔
وہ گذشتہ پانچ ماہ کے دوران گجرات کے شہر احمد آباد جانے والے تیسرے غیر ملکی قائد ہیں۔
کینیڈا کے وزیر اعظم اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہندوستانی لباس میں نظر آئے جہاں انھوں نے گاندھی مارکہ چرخہ بھی چلایا۔
اس سے قبل اتوار کو انھوں نے محبت کی نشانی کہے جانے والے معروف یادگار تاج محل کا دورہ کیا اور اس مخصوص جگہ پر تصویر کھنچوائی جہاں تقریباً تمام لوگ تصویر لینے کی خواہش رکھتے ہیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس بات پر بحث ہو رہی ہے کہ انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کینیڈا کے وزیر اعظم کے ساتھ گجرات دورے پر کیوں نہیں گئے۔
سابر متی آشرم میں ٹروڈو نے وزیٹرس بک پر لکھا کہ یہ جگہ بہت ہی خوبصورت ہے جہاں سکون، سچائی اور ہم آہنگی ہے۔