سلمان خان کو کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے جرم میں پانچ سال قید

سلمان خان تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption سلمان خان پر سیاہ ہرنوں کے شکار کا الزام 1998 میں فلم ہم ساتھ ساتھ ہیں کی فلم بندی کی دوران لگا تھا

انڈیا کی ریاست راجستھان کی ایک عدالت نے نایاب کالے ہرنوں کے غیر قانونی شکار کے مقدمے میں معروف فلم اداکار سلمان خان کو مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالت کے فیصلے کے بعد انھیں جودھ پور کی سنٹرل جیل پہنچا دیا گیا ہے اور سیشن کورٹ میں ان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت جمعے کی صبح ہو گی۔

سلمان خان کو دو نایاب ہرنوں کے شکار میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔ عدالت نے سلمان خان کو دس ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔

اس مقدمے میں سلمان خان کے علاوہ سیف علی خان، تبو، سونالی بیندرے اور نیلم بھی ملزمان تھے تاہم ان سب کو بری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سلمان خان غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں بری

’میں انڈین ہوں اور میں نے کالا ہرن نہیں مارا‘

دلیر مہندی کو انسانی سمگلنگ کے مقدمے میں سزا

اس مقدمے میں انھیں زیادہ سے زیادہ چھ برس قید کی سزا ہو سکتی تھی اور اس سزا کی استدعا سرکاری وکیل کی جانب سے بھی کی گئی تھی۔

تاہم سلمان خان کے وکیل نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ ان کے موکل کو تین برس سے کم سزا دی جائے کیونکہ اس صورت میں انھیں عدالت سے ہی ضمانت مل سکتی تھی تاہم پانچ برس سزا کی صورت میں انھیں ہر حالت میں جیل جانا ہو گا۔

نامہ نگار شکیل اختر نے بتایا کہ جس وقت سلمان خان کو مجرم قرار دیا گیا اس وقت عدالت میں سلمان کے ساتھ ان کی بہنیں کھڑی تھیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس مقدمے میں سیف علی خان، تبو، سونالی بیندرے اور نیلم بھی ملزمان تھے تاہم ان سب کو بری کر دیا گیا ہے

سماعت کے موقع پر جودھ پور کے چیف جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے۔ عدالت کے باہر لوگوں کے ہجوم اور میڈیا کو دور رکھنے کے لیے رکاوٹیں لگا دی گئی تھیں۔

ہرنوں کے شکار کا معاملہ 1998 کا ہے۔ سلمان خان، سیف علی خان، تبو، سونالی اور نیلم فلم 'ہم ساتھ ساتھ ہیں' کی شوٹنگ کے لیے جودھ پور میں تھے۔ سلمان خان پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک گاؤں کے نزدیک نایاب نسل کے دو چنکارا ہرنوں کا شکار کیا۔

شکار کے وقت مبینہ طور پر دوسرے اداکار بھی ان کے ساتھ تھے۔ 20 برس پرانے اس مقدمے کا فیصلہ 28 مارچ کو محفوظ کیا گیا تھا۔

سلمان خان اسی کیس سے متعلق آرمز ایکٹ کے تحت ایک دیگر معاملے میں پانچ برس کی ‎سزا ہوئی تھی اور انھوں نے نے ایک ہفتہ جیل میں بھی گزارا تھا ۔ لیکن بعد میں راجستھان ہائی کورٹ نے ان کی سزا معطل کر دی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption فیصلہ سننے کے لیے تمام ملزمان عدالت میں پہنچے
تصویر کے کاپی رائٹ AFP

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں