انڈیا: ’بیٹے نے تین سال تک ماں کی لاش فریزر میں رکھی‘

انڈیا تصویر کے کاپی رائٹ HINDUSTAN TIMES

انڈیا میں پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا ہے جس نے اپنی والدہ کی لاش کو تین سال تک فریزر میں رکھا۔

کولکتہ پولیس کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص سوبھابراتا مجمدار نے بظاہر لاش کو حنوط کیا اور کیمیکل کے ذریعے محفوظ رکھا۔

اب پولیس اس بات کی تحقیق کر رہی ہے کہ کیا اس مشتبہ شخص نے اپنی والدہ کی لاش کو اس لیے رکھا تاکہ وہ ان کی موت کے بعد بھی ان کی پینشن حاصل کرتا رہے۔

150 برس سے خالی تصور کیے جانے والے تابوت میں ممی موجود

ملازمہ کی لاش فریزر میں چھپانے والا شخص گرفتار

بچے کی لاش سوٹ کیس میں چھپانے والا شخص گرفتار

ان کا کہنا ہے کہ اس شخص کا ماننا تھا کہ اس کی والدہ کا دوبارہ جنم ہوگا اگر وہ ان کی لاش کو محفوظ رکھے گا۔

پولیس اہلکار نے بی بی سی کے امیتابھ بھٹشالی کو بتایا: ’ہم نے لاشوں کو محفوظ رکھنے سے متعلق کئی جریدے اور دوبارہ جنم کے حوالے سے کتابیں بھی برآمد کی ہیں۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے بدھ کو ایک فون کال کے ذریعے اطلاع ملنے کے بعد اس شخص کے گھر پر چھاپہ مارا۔

انھوں نے بتایا کہ ’ہمیں ایک بڑے فریزر میں خاتون کی لاش ملی جسے کیمیکل کے ذریعے محفوظ کیا گیا تھا۔ ہمیں ایسے برتن بھی ملے جس میں جسم کے مختلف اعضا پڑے تھے۔‘

پولیس کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ مشتبہ شخص ایک لیدر ٹیکنالوجسٹ ہے لہذا اس کے لیے ایسے کمیکلز تک رسائی حاصل کرنا آسان تھا جن کے ذریعے لاش کو ’حنوط‘ کیا جا سکے۔

بعض رپورٹس کے مطابق سوبھابراتا مجمدار کی والدہ کی اپریل 2015 میں موت کے بعد خاندان والوں نے ان کی آخری رسومات ادا کرنے کی بجائے ان کی لاش کو فریزر میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اہلکار نلنجن بسواس نے بتایا کہ ’سوبھابراتا مجومدار کے والدین ریٹائر ہو چکے تھے اور ماہانہ پینشن لیتے تھے جو کہ کسی بھی شخص کی موت کے بعد وصول نہیں کی جا سکتی۔‘

’لیکن ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ان کی موت کے بعد بھی پینشن کی رقم مسلسل وصول کی جاتی رہی ہے۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ مشتبہ شخص پیسے وصول کرنے کے لیے ڈیبٹ کارڈ کا استعمال کرتا تھا۔

سوبھابراتا مجومدار کے والد سے بھی اس بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں