گروپ کیپٹن ورون سنگھ: ہیلی کاپٹر حادثے میں زندہ بچ جانے والے گروپ کیپٹن کی ہسپتال میں موت ہوگئی

گروپ کیپٹن ورون سنگھ

،تصویر کا ذریعہ@SHIVAROOR

ریاست تمل ناڈو میں انڈیا کی فوج کے سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے میں زندہ بچ جانے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ہیں۔

انڈین فضائیہ نے ٹویٹ کرتے ہوئے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

انڈین فضائیہ کی جانب سے کی جانی والی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’تمل ناڈو کے کنور ضلع میں فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں زخمی ہونے والے گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی موت ہو گئی ہے۔‘

انڈین فضائیہ نے ٹویٹ کیا کہ 'انڈین فضائیہ کو بہادر گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی موت کی اطلاع دیتے ہوئے بہت دکھ ہے۔ وہ آٹھ دسمبر 2021 کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں زخمی ہونے کے بعد آج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ ہو گئے ہیں۔ انڈین فضائیہ اس مشکل گھڑی میں ان کی سوگواران کے ساتھ کھڑی ہے۔‘

یاد رہے کہ آٹھ دسمبر کو ہونے والے اس ہیلی کاپٹر حادثے میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ شدید زخمی ہوئے تھے اور ہسپتال میں زیر علاج تھے۔

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق حادثے کے بعد گروپ کیپٹن سنگھ کو شدید جھلسی ہوئی حالت میں ویلنگٹن میں فوجی ہسپتال لے جایا گیا تھا تاہم بعد میں انھیں بنگلورو منتقل کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ گروپ کیپٹن ورون سنگھ سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کو لینے گئے تھے اور ان کے ساتھ ویلنگٹن جا رہے تھے۔ جنرل راوت ویلنگٹن میں ڈیفنس سروس سٹاف کالج کے کیڈٹس سے خطاب کرنے والے تھے۔

گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی موت کی خبر سامنے آتے ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ کر کے ان کی موت پر غم کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم مودی نے ٹویٹ کیا کہ 'گروپ کیپٹن ورون سنگھ نے فخر، بہادری اور انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں قوم کی خدمت کی۔ ان کی موت پر گہرا دکھ ہوا۔ قوم کے لیے ان کی بھرپور خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ ان کے اہل خانہ اور دوستوں سے تعزیت۔ اوم شانتی۔'

ملک کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی ان کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ 'ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ گروپ کیپٹن ورون سنگھ کی افسوسناک موت کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ایک سچے فائٹر تھے جنھوں نے اپنی آخری سانس تک لڑا، میری جانب سے ان کے اہلخانہ اور دوستوں سے دلی افسوس، ہم دکھ کی اس گھڑی میں خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔'

گروپ کیپٹن ورون سنگھ کون تھے؟

مواد پر جائیں
پوڈکاسٹ
ڈرامہ کوئین

’ڈرامہ کوئین‘ پوڈکاسٹ میں سنیے وہ باتیں جنہیں کسی کے ساتھ بانٹنے نہیں دیا جاتا

قسطیں

مواد پر جائیں

گروپ کیپٹن ورون سنگھ کا تعلق ریاست اتر پردیش کے دیوریا ضلع کی رودر پور تحصیل سے تھا۔ ان کے والد کرشنا پرتاپ انڈین فوج میں بطور کرنل ریٹائر ہوئے۔

ورون سنگھ کے چچا اکھلیش پرتاپ سنگھ کانگریس کے سابق ایم ایل اے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

گروپ کیپٹن ورون کے والد کرشنا پرتاپ سنگھ کے بڑے بھائی دنیش پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ ورون سنگھ دہلی میں پیدا ہوئے تھے۔ ان کے والد فوج میں تعینات تھے، اس لیے جہاں جہاں بھی وہ تعینات ہوئے ورون نے وہیں تعلیم حاصل کی۔

اس وقت گروپ کیپٹن ورون کے والدین بھوپال میں مقیم ہیں جبکہ اُن کی موجودہ پوسٹنگ تمل ناڈو کے شہر ویلنگٹن میں تھی جہاں وہ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ رہ رہے تھے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

حادثے کی تحقیقات کی جا رہی ہے

گدنیش پرتاپ سنگھ بتاتے ہیں کہ ان کے بھتیجے ورون پرتاپ سنگھ نے 2020 میں فضائیہ کے نئے لڑاکا طیارے ایل سی اے تیجس کو کسی خرابی کے بعد ہنگامی حالات میں بغیر کسی نقصان کے کامیابی سے اتارا تھا اور اس لیے اُنھیں اس سال یوم آزادی کی تقریبات میں 'شوریا چکر' (بہادری کا اعزاز) سے نوازا گیا تھا۔

گروپ کیپٹن ورون سنگھ کے چھوٹے بھائی تنُج بحریہ میں لیفٹننٹ کمانڈر ہیں اور جب حادثے کی خبر موصول ہوئی تو ان کے والدین ممبئی میں ان کے ساتھ تھے۔