بوہرا جماعت کے روحانی پیشوا نہیں رہے

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption برہان الدین چند ہفتوں میں اپنی 103 ویں سالگرہ منانے والے تھے

بھارت کے شہر ممبئی میں داؤدی بوہرا جماعت کے روحانی پیشوا ڈاکٹر محمد برہان الدین 102 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق ان کا انتقال ممبئی میں ان کی رہائش گاہ سیفی محل میں ہوا۔

ڈاکٹر برہان الدین کے ایگزیکٹو سیکریٹری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا انتقال نیند میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

آئندہ چند ہفتوں میں سیدنا برہان الدین اپنی 103 ویں سالگرہ منانے والے تھے۔

پاکستان کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے محمد برہان الدین کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا اور ان کے خاندان والوں کے لیے صبر کی دعا کی۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نے بھی بوہرا جماعت کے روحانی پیشوا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔

ان کے خاندان اور پیروکاروں کے نام ایک پیغام میں صدر نے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے خاندان اور پیروکاروں کے لیے صبر کی دعا کی۔