خطے میں قیامِ امن کیلئے افغانستان میں استحکام ضروری ہے: نواز شریف

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نواز شریف نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں قیامِ امن کی کوششوں کے مثبت نتائج نکلیں گے

پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے اور پاکستان میں قیامِ امن کے لیے افغانستان میں استحکام ضروری ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق نواز شریف نے یہ بات ترکی کے شہر استنبول میں ترک ریڈیواورٹیلی ویژن کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی۔

’طالبان کی جانب سے حوصلہ افزا جواب آیا ہے‘

وزیرِ اعظم نواز شریف بدھ کو تین روزہ دورے پر ترکی پہنچے تھے جہاں انھوں نے افغانستان، پاکستان اور ترکی کے درمیان ہونے والے آٹھویں تین ملکی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی گی۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں قیامِ امن کی کوششوں کے مثبت نتائج نکلیں گے۔

انھوں نے کہا کہ انقرہ میں سہ فریقی سربراہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق پایا گیا کہ تینوں ممالک افغانستان میں افغان حکومت کے ہاتھ مضبوط کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سربراہ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ افغانستان میں آئندہ انتخابات کی کامیابی اور ایک حکومت سے دوسری حکومت کو اقتدار کی خوشگوار منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس سے پہلے جمعرات کو انقرہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان میں بھی امن مذاکرات کے سلسلے میں طالبان کی جانب سے مثبت نتائج کی امید ظاہر کی تھی۔

انھوں نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومتی کمیٹی کے طالبان کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت اطمینان بخش قرار دیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کےلیے فوج کی حمایت حاصل ہے۔

انقرہ پہنچنے کے بعد ترک صدر عبداﷲ گل نے بدھ کو صدارتی محل میں پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔اس عشائیے میں افغان صدر حامد کرزئی نے بھی شرکت کی تھی۔

اسی بارے میں