سلمان خان اور سنگیتا کا یارانہ

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں

شاہ رخ رو پڑے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption انڈین پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ جیتنا میری زندگی کا بہت اہم لمحہ تھا: شاہ رخ خان

حال ہی میں اپنی آئی پی ایل ٹیم ’کولکاتہ نائٹ رائڈرز‘پر بنی ایک ڈاکومینٹری کے کچھ حصے دیکھ کر شاہ رخ خان رو پڑے ۔ یہ ڈاکو مینٹری جلد ہی ایک ٹی وی چینل پر دکھائی جائے گی۔

شاہ رخ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ’میں اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پایا۔ میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا شکر گزار ہوں۔ انڈین پریمیئر لیگ ٹورنامنٹ جیتنا میری زندگی کا بہت اہم لمحہ تھا‘ ۔

شاہ رخ نے یہ بھی بتایا کہ جب ان کی ٹیم مسلسل نو میچ ہاری تو وہ بہت دکھی ہوئے تھے لیکن انھوں نے اپنی تکلیف ظاہر نہیں ہونے دی۔

انھوں نے کہا ’میں جانتا تھا کہ میری ٹیم جان بوجھ کر نہیں ہاری، سب نے جیتنے کی کوشش کی‘ ۔

شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ’ ریڈ چیلیز انٹرٹینمینٹ‘ اور اداکارہ جوہی چاولہ نے سنہ 2008 میں ’کولکاتہ نائٹ رائڈرز‘ ٹیم خریدی تھی ۔ سال 2012 میں گوتم گمبھیر کی کپتانی میں اس نے آئی پی ایل کا ٹائیٹل جیتا تھا۔

سلمان خان اور سنگیتا کا یارانہ

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنگیتا، سلمان کی اب گرل فرینڈ تو نہیں ہیں لیکن ان دونوں کی دوستی اب بھی برقرار ہے

نوے کے عشرے میں سلمان خان اور ان کی اس وقت کی گرل فرینڈ سنگیتا بجلانی کی دوستی کے چرچے میڈیا کی سرخیاں ہوا کرتے تھے لیکن جلد ہی یہ رشتہ ٹوٹ گیا۔

سنگیتا، سلمان کی اب گرل فرینڈ تو نہیں ہیں لیکن ان دونوں کی دوستی اب بھی برقرار ہے۔

سلمان خان نے حال ہی میں اپنے گھر پر کچھ دوستوں کو بلایا اور سنگیتا بجلانی بھی اس پارٹی میں شامل ہوئیں۔

سنگیتا، سلمان خان کے گھر والوں کے ساتھ ڈنر کر کے رات گئے ان کے گھر سے باہر نکلیں۔

اس پارٹی میں فلم ’ جے ہو ‘ کی ہیروئن ڈیزی شاہ بھی پہنچی تھیں۔

کچھ دنوں پہلے چیٹ شو ’ کافی ود کرن ‘ میں سلمان خان نے سنگیتا بجلانی کے ساتھ اپنے رشتے کی بہت کھل کر بات کی تھی اور یہاں تک بتایا تھا کہ دونوں شادی کے بہت قریب پہنچ گئے تھے یہاں تک کہ شادی کے کارڈ چھپ گئے تھے لیکن کسی وجہ سے یہ رشتہ نہیں ہو پایا۔

کرینہ کپور کی دال

Image caption میں بہت اچھی باورچی ہوں: کرینہ کپور

اداکارہ کرینہ کپور کا دعویٰ ہے کہ وہ بہت اچھی باورچی ہیں حالانکہ اپنے شوہر سیف علی خان کے لیے ابھی تک انھوں نے کچھ پکایا نہیں۔

ممبئی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرینہ کپور نے کہا ’سیف نے میرے ہاتھ کا بنا ہوا کھانا نہیں کھایا ہے۔ میں نے انھیں ہاتھ سے کھلایا ضرور ہے لیکن بنایا نہیں۔ میں بہت اچھی باورچی ہوں۔ میں اس میں یقین رکھتی ہوں کہ جو اچھی دال بنا سکتا ہے وہ بہت اچھا کک ہوتا ہے اور میں بہت اچھی دال بناتی ہو ۔ میری ماں اور میری بہن انتظار کرتے ہیں کہ میں کب دال بناؤں گی؟‘۔

بالی وڈ میں دوست نہیں ہیں

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption مادھوری اور جوہی چاولہ جلد ہی فلم ’گلاب گینگ ‘ میں نظر آئیں گی

ستائیس برس میں پہلی بار جوہی چاولہ کے ساتھ کام کرنے والی مادھوری دکشت کہتی ہیں کہ بالی وڈ میں ان کا کوئی دوست نہیں ہے ۔

مادھوری کہتی ہیں ’میرا ایسا کوئی ایسا دوست نہیں ہے جس سے کہا جائے کہ چلو چائے پیتے ہیں ۔ یہاں پر ہر کوئی فلموں میں اتنا مصروف ہے۔ کوئی آؤٹ ڈور پر ہے ، کوئی کچھ اور کر رہا ہے ۔ میں جب پہلے یہاں تھی تب بھی مشکل سے ہی کسی پارٹی میں جاتی تھی‘۔

مادھوری اور جوہی چاولہ جلد ہی فلم ’گلاب گینگ ‘ میں نظر آئیں گی۔

فلوریڈا میں ہو گا آئیفا کا میلہ

انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈ یعنی آئیفا کا انعقاد اس بار امریکہ کی ریاست فلوریڈا میں ہو رہا ہے۔

اپریل میں ہونے والے ایوارڈ کی اس تقریب کی جان کاری دینے کے لیے ممبئی میں پچھلے دنوں ایک نیوز کانفرنس بلائی گئی جس میں بالی وڈ کے کئی ستاروں نے حصہ لیا۔ اس میں انیل کپور، کرینہ کپور، مادھوری ڈکشٹ سے لے کر پریانکا چوپڑا جیسے ستارے موجود رہے۔

جب بپاشا باسو سے پوچھا گیا کہ کہ کیا اس تقریب میں ان کے مبینہ بوائے فرینڈ ہرمن بویجا بھی جا رہے ہیں تو اس کے جواب میں بپاشا نے کہا ’میں وہاں اکیلی جا رہی ہوں اور کسی بھی پروپوزل کا خیر مقدم کرتی ہوں۔ میں امید کرتی ہوں کہ مجھے وہاں کوئی کنوارہ مل جائے‘ ۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ ہرمن نے ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں یہ اعتراف کیا ہے کہ وہ بپاشا کو ڈیٹ کر رہے ہیں تو بپاشا کے پاس بیٹھے انیل کپور نے کہا ’ڈیٹ اور پروپوزل میں بہت فرق ہے‘ ۔

اسی بارے میں