بھارت: چوتھے مرحلے کے لیے ووٹنگ جاری

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بھارت میں 16ویں لوک سبھا کے لیے پارلیمانی انتخابات نو مرحلوں میں ہو رہے ہیں

بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلے میں سنیچر کو چار ریاستوں کی سات پارلیمانی سیٹوں پر ووٹنگ جاری ہے۔

اس کے علاوہ شمال مشرقی ریاست سکّم کی ریاستی اسمبلی کے لیے بھی آج پولنگ ہو رہی ہے۔

اس مرحلے میں تقریباً 50 لاکھ ووٹرز سات پارلیمانی سیٹوں کے لیے 74 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

جن ریاستوں میں سنیچر کو پولنگ جاری ہے ان میں بھارت کی مغربی ساحلی ریاست گوا، مشرقی ریاستیں آسام ، تریپورہ اور سکّم شامل ہیں۔

گوا کی دونوں سیٹوں پر ایک ہی دن ووٹنگ ہو رہی ہے۔ واضح رہے کہ شمالی گوا اور جنوبی گوا کی سیٹوں پر مجموعی طور پر 19 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہاں اہم مقابلہ کانگریس اور بی جے پی کے امیدواروں کے درمیان ہے۔

دوسری جانب تریپورہ میں ایک سیٹ تریپورہ (مشرقی) کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جہاں سی پی ایم، کانگریس، ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان چہار رخی مقابلہ ہے۔

سنیچر کو سکّم کی واحد لوک سبھا سیٹ کے ساتھ ساتھ ریاست کی 32 رکنی اسمبلی سیٹوں کے لیے بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption ان انتخابات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں

چوتھے مرحلے میں آسام کی تین لوک سبھا سیٹوں کے لیے بھی ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

ملک بھر میں پرامن پولنگ کے لیے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔

ووٹنگ صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہے گي جبکہ تریپورہ میں پانچ بجے تک ہی ووٹ ڈالے جائیں گے۔

اب تک لوک سبھا انتخابات کے تین مراحل میں ووٹنگ کی شرح گذشتہ کے مقابلے متاثر کن رہی ہے۔

لوک سبھا کی 543 سیٹوں کے لیے عام انتخابات کے تحت 7 اپریل سے 12 مئی کے درمیان کل نو مراحل میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ ووٹوں کی گنتی ایک ساتھ 16 مئی کو ہوگی۔

اسی بارے میں