قندھار:برطانوی ہیلی کاپٹر گرنے سے پانچ فوجی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اس حادثے میں نیٹو کے پانچ فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔

افغانستان میں نیٹو حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے جنوبی حصے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں نیٹو کے پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ سنیچر کو صوبہ قندھار میں پیش آیا تاہم اس تباہی کو دشمن کی کارروائی نہیں سمجھا جا رہا ہے۔

برطانوی حکام نے تصدیق کر دی ہے کہ تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر برطانوی تھا تاہم اس پر سوار افراد کی قومیتوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

برطانوی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ہم تصدیق کر سکتے ہیں کہ جنوبی افغانستان میں ایک برطانوی ہیلی کاپٹر تباہ ہوا ہے۔‘

ترجمان کے مطابق ’اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ہلاک شدگان کے اہلِ خانہ کو مطلع کرنے سے پہلے مزید تبصرہ کرنا نامناسب ہوگا۔‘

بین الاقوامی فوج نے اس سال کے آخر تک افغانستان میں سیکیورٹی کی ذمہ داری باضابطہ طور پر افغان فوج کو دینی ہے۔

ہیلی کاپٹر کا آخری بڑا حادثہ پچھلے سال دسمبر میں پیش آیا تھا جس میں سات امریکی اور چار افغان فوجی ہلاک ہوئے تھے۔

اگست 2011 میں طالبان نے کابل کے قریب امریکی شنوک ہیلی کاپٹر مار گرایا تھا جس میں تیس امریکی اور آٹھ افغان فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ یہ اس نوعیت کا سب سے سنگین واقعہ تھا۔

اسی بارے میں