من موہن سنگھ کے بھائی کی بی جے پی میں شمولیت پر تنقید

تصویر کے کاپی رائٹ rangnath singh
Image caption وزیر اعظم کے سوتیلے بھائی نے جمعہ کو امرتسر میں نریندر مودی کی ریلی میں باضابطہ طور پر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی

بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ کے سوتیلے بھائی دلجیت سنگھ کوہلی کی حزبِ اختلاف کی اہم پارٹی بی جے پی میں شمولیت پر کانگریس کے کئی رہنماؤں نے سخت تنقید کی ہے۔

کانگریس کے سرکردہ رہنما دگ وجے سنگھ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں بی جے پی اور نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کو ’ڈیسپریڈوز‘ تک کہہ دیا۔

اس کے کئی معنی اور مفہوم ہیں جن میں ’لفنگے‘ کے علاوہ ’مایوسی کے عالم میں سب کچھ کر گزرنے والا دلیر‘ بھی شامل ہے اور کسی بھی معنی کو مثبت تو نہیں کہا جاسکتا۔

انھوں نے سنیچر کو اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’بی جے پی/مودی کی شاپنگ لسٹ میں وزیر اعظم کے رشتے دار اور غیر بی جے پی کے برائے فرخت سیاست داں شامل ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’کیا اس سے بدعنوانی رک سکتی ہے؟‘

مبصرین ان کے اس ٹوئیٹ کو بی جے پی کی جانب سے کانگریس کے سابق رہنماوں کو انتخابات کے لیے دیے جانے والے ٹکٹوں کے جواب کے طور پر بھی دیکھ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم کے سوتیلے بھائی نے جمعہ کو امرتسر میں نریندر مودی کی ریلی میں باضابطہ طور پر بی جے پی کا دامن تھاما۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption کانگریس کے سرکردہ رہنما دگ وجے سنگھ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں بی جے پی اور نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے بی جے پی کو ’ڈیسپریڈوز‘ تک کہہ دیا

مودی امرتسر بی جے پی کے سرکردہ رہنما ارون جیٹلی کی تشہیر کے لیے گئے تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا: ’آج وزیر اعظم من موہن سنگھ کے بھائی بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ہم اس سے مضبوط ہوئے ہیں۔‘

کوہلی ایک تاجر ہیں اور اپنے بھائی کے وزیر اعظم بننے کے بعد بھی وہ سیاست سے دور ہی تھے تاہم بی جے پی میں ان کی شمولیت کو کانگریس کے لیے اچھا نہیں مانا جا رہا ہے۔

کانگریس کے ایک ترجمان شکیل احمد نے کہا کہ وزیر اعظم کے بھائی یا کوئی بھی شخص اس بات کے لیے آزاد ہے اور وہ کوئی بھی جماعت میں شامل ہو سکتے ہیں۔

تاہم من موہن سنگھ کے رشتے کے ایک پوتے رندیپ سنگھ نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ دلجیت سنگھ کے فیصلے سے افسردہ ہوئے ہیں کیونکہ ’من موہن سنگھ ایک ایماندار شخص ہیں جنھوں نے ملک کی ترقی کے لیے کام کیا ہے اور ہمارا سر بلند کیا ہے۔‘

اسی بارے میں