بھارت: چینّئی سنٹرل پر دو دھماکے، ایک ہلاک، نو زخمی

Image caption چینّئی میں صبح دو کم شدت کے دھماکے ہوئے

جنوبی بھارتی ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چینّئی میں ریلوے سٹیشن پر جمعرات کی صبح دو بم دھماکے ہوئے جن میں ایک خاتون کی موت ہو گئی ہے اور نو دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

زخمیوں کو راجیوگاندھی ہسپتال لے جایا گیا ہے جہاں بعض افراد کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

جنوبی ریلوے کے جنرل منیجر آر کے مشرا نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس میں ایک خاتون کی موت ہو چکی ہے۔

حکام کے مطابق ایک دھماکہ ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور سے بھارتی کی شمال مشرقی ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی جانے والی ٹرین کی بوگی ایس -4 میں سیٹ نمبر 70 کے نیچے ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ پانچ نمبر بوگی میں ہوا۔

پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق یہ دھماکے صبح ساڑھے سات اور پونے آٹھ کے درمیان ہوئے اور اس میں 14 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق یہ دھماکے کم شدت کے تھے۔

دھماکوں کے وقت یہ گاڑی چینّئی سنٹرل ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر نو پر کھڑی تھی۔

واقعے کے بعد وہاں پولیس پہنچ گئی پلیٹ فارم کو سیل کر دیا گیا ہے اور امدادی کام جاری ہے۔

پولیس دھماکے کی جانچ کر رہی ہے اور ابھی تک اس کے بارے میں کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔

اس سلسلے میں کسی بھی طرح کی معلومات کے لیے ایک ہیلپ لائن جاری کر دی گئي ہے۔ جس کا نمبر ہے: 25357398-044

اسی بارے میں