مودی کی جیت کی پیشگوئی، بازارِ حصص میں تیزی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption منگل کی صبح بھارتی سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا

بھارتی بازار حصص میں اس وقت سے زبردست اضافہ نظر آ رہا ہے جب سے ملک میں انتخابات کے آخری دور کے بعد ایگزٹ پولز نے یہ کہا ہے کہ نریندر مودی کی قیادت والی بی جے پی اور اس کے اتحادی انتخابات میں کامیاب ہونے کی راہ پر گامزن ہیں۔

منگل کی صبح بھارتی سٹاک انڈکس سنسیکس میں 1.7 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا اور یہ 24 ہزار کے ریکارڈ پوائنٹس کے قریب پہنچ گیا ہے۔

بھارت: انتخابات مکمل، ابتدائی جائزوں میں بی جے پی آگے

واضح رہے کہ یہ اضافہ پیر کے روز ہونے والے 2.4 فیصد اضافے کے علاوہ ہے۔

مبصرین کا خیال ہے کہ سرمایہ کار اس بات سے پرامید نظر آ رہے ہیں کہ بی جی پی کی حکومت کے اقتدار میں آنے سے سست روی کا شکار بھارتی معیشت میں تیزی آئے گی۔

لیمبارڈ اوڈیئر انوسٹمنٹ کے سلمان احمد نے کہا: ’اس شور کو دیکھتے ہوئے اگر بنیادی ماحول تبدیل ہوتا ہے (یعنی بی جے پی اکثریت حاصل کرتی ہے) تو دو بنیادی تبدیلیاں رونما ہوں گي۔ پہلی یہ کہ آپ کو سرمایہ کار نواز حکومت ملے گی اور دوسرے یہ کہ یہ بنیادی ڈھانچوں پر مرکوز ہوگی۔‘

انھوں نے مزید کہا: ’ایک مضبوط حکومت جو بنیادی ڈھانچے کو سمجھتی ہو وہ اصلاحات لانے کی اہل ہوگی اور طویل مدتی ترقیات کے لیے ماحول تیار کرے گی۔‘

واضح رہے کہ حالیہ برسوں میں بھارتی معیشت مختلف وجوہات کے پیش نظر سست روی کا شکار رہی ہے۔

سابقہ حکومت کو اس بات کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے کہ اس نے اہم اصلاحات کے نفاذ میں تاخیر کی۔ بعض افراد ان اصلاحات کو طویل مدتی ترقی کے لیے اہم بتاتے ہیں۔

بعض حلقوں کی جانب سے کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت پر الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ اہم مسئلے پر اپنی علاقائی حلیف جماعتوں کے دباؤ میں آ گئی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption حالیہ برسوں میں بھارتی معیشت مختلف وجوہات کے پیش نظر سست روی کا شکار رہی ہے اور اب بعض حلقے پر امید نظر آ رہے ہیں

مبصرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور اس کی اتحادی پارٹیوں کو الیکشن میں واضح اکثریت حاصل ہونے سے ملک میں سرمایہ کاری اور ترقی کو فروغ دینے کے لیے ضروری تعاون ملے گا۔

مالی ایڈوائزری کمپنی دا موٹلی فول کے ڈائرکٹر ڈیوڈ کوؤ نے کہا: ’سرمایہ کار اس بات پر داؤ لگا رہے ہیں کہ بی جے پی اتحاد اکثریت حاصل کرے گا، جس کا مطلب یہ ہوگا کہ جب اصلاحات کے نفاذ کی بات آئے گی تو وہ چھوٹی علاقائی پارٹیوں کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔‘

انھوں نے بتایا کہ ’ریاست گجرات میں مودی کی کامیابی کے پیش نظر وسیع پیمانے پر خیال کیا جا رہا ہے مودی سرمایہ کار نواز اور تجارت نواز ہیں۔ اور یہ ایسی چیز ہے جس کی بھارت کو غیر ملکی اور دیسی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اشد ضرورت ہے۔‘

اسی بارے میں