بھارت: مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کار حادثے میں ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption گوپی ناتھ منڈے مہاراشٹرا ریاست میں بی جے پی کا چہرہ تھے اور مقتول بی جے پی رہنما پرمود مہاجن کے بہنوئی تھے

بھارتی دارالحکومت دہلی میں منگل کی صبح ایک کار حادثے میں بی جے پی کے سینیئر رہنما اور دیہی ترقی کی وزارت کے مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے ہلاک ہوگئے ہیں۔

گوپی ناتھ منڈے مغربی ریاست مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ بھی رہ چکے ہیں۔

بی جے پی کے سینیئر رہنما اور پارٹی کے سابق صدر نتن گڈکری نے پریس کانفرنس میں ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ گوپی ناتھ منڈے کی ہلاکت پارٹی کے لیے اور مہاراشٹر کی سیاست کے لیے ناقابل تلافی ہے۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ کل بدھ کو ان کے آبائي گاؤں میں ان کی آخری رسومات تمام سرکاری احترام کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ اس سال کے آخر میں مہاراشٹرا میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات ہونے ہیں اور منڈے ریاست میں بی جے پی کے فعال رکن تھے۔

بی جے پی کے ایک دوسرے سینيئر رہنما ہرش وردھن نے بتایا کہ ’وہ صبح دہلی ایئر پورٹ جا رہے تھے جب ان کی کار ایک دوسری کار سے ٹکرا گئی اور بظاہر ان کے سر اور ناک پر معمولی چوٹ آئی تھی۔‘

اطلاعات کے مطابق وہ مہاراشٹر میں بیڈ اور اپنے آبائی علاقے میں اپنی جیت کے جشن کی ریلی میں شرکت کے لیے ایئرپورٹ جا رہے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹوئٹر پر گوپی ناتھ منڈے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انھیں حقیقی عوامی لیڈر قرار دیا

ہسپتال کے ڈاکٹر نے کہا کہ ’مرکزی وزیر گوپی ناتھ منڈے کو ان کے ڈرائیور اور سکیورٹی گارڈ صبح ساڑھے چھ بجے ہسپتال لائے۔ ان کی سانس نہیں چل رہی تھی اور ان کی دھڑکن بھی رک چکی تھی۔ تمام تر کوششوں کے باوجود ان کو بحال نہیں کیا جا سکا۔‘

ڈاکٹروں نے انھیں صبح سات بج کر 20 منٹ پر مردہ قرار دے دیا۔

ہرش وردھن نے کہا کہ موت کی وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی بتائی جا سکتی ہے۔

نتن گڈکری نے کہا ہے کہ ’وزیر اعظم نریندر مودی کو اس سانحے کی اطلاع دے دی گئی ہے اور ان کے جسد خاکی کو دوپہر تک پارٹی صدر دفتر میں عوام کے لیے رکھا جائے گا جبکہ دوپہر کے بعد کسی وقت ان کی لاش کو خصوصی طیارے سے مہاراشٹر میں لاتور اور پھر وہاں سے ان کے آبائی گاؤں لے جایا جائے گا۔‘

انھوں نے بتایا کہ آخری رسومات کے وقت کی اطلاع بعد میں دی جائے گی۔

64 سالہ منڈے دو بار سنہ 2009 اور 2014 میں پارلیمانی انتخابات میں کامیابی سے ہمکنار ہوئے اور 1995 سے 1999 کے دوران ریاست مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ رہے۔

نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں سڑک کے حادثے عام ہیں اور صرف سنہ 2012 میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ افراد ان کا شکار ہوئے ہیں۔

اسی بارے میں