بہتر معاشی تعلقات کے لیے برطانوی وزرا کی بھارت آمد

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY IMAGES
Image caption اس دورے میں اوسبورن یہ اعلان کرنے والے ہیں کہ بھارت کی دواساز کمپنی سپلا برطانیہ میں دس کروڑ پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے

برطانیہ کے وزیرِ خزانہ جارج اوسبورن اور سیکریٹری خارجہ ولیم ہیگ پیر سے بھارت کا دو دنوں کا دورہ کر رہے ہیں جہاں وہ معاشی تعلقات بڑھانے پر بات کریں گے۔

وہ بھارت کے دفاع اور بنیادی ڈھانچوں کے فروغ میں برطانوی کمپنیوں کے لیے سرمایہ کاری کے امکانات تلاش کرنے کے لیے بھارت آئے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ بھارتی تاجروں کو برطانیہ میں سرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ دورہ ایشیا کی تیسری بڑی معیشت یعنی بھارت میں نئی حکومت کی آمد کے پیش نظر ہو رہا ہے۔

نئی حکومت کے سربراہ مودی کے بارے میں وسیع پیمانے پر یہ خیال ظاہر کیا جاتا ہے کہ وہ معیشت کی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے نئی معاشی اصلاحات کا اعلان کریں گے۔

برطانوی وزارت خارجہ سے مسٹر اوسبورن کی تقاریر کے جو پیشگی متن جاری کیے گئے ہیں ان کے مطابق اوسبورن کا کہنا ہے: ’میرے خیال میں برطانیہ کے ساتھ بھارت کا مضبوط تر رشتہ بھارتی حکومت کی نئی معاشی پالیسی کو کامیاب بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

’وزیر اعظم مودی بھارتی معیشت کے لیے زیادہ سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں اور ميں چاہتا ہوں کہ برطانوی کمپنی یہ سرمایہ فراہم کرے اور برطانوی حکومت اس کی حمایت کرے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption برطانوی وزیر کے بعد بھارت میں فرانس کے وزیر خارجہ، روس کے نائب وزیراعظم اور چینی وزیر خارجہ کے دورے متوقع ہیں

اس دورے میں مسٹر اوسبورن یہ اعلان بھی کرنے والے ہیں کہ بھارت کی دواساز کمپنی سپلا برطانیہ میں دس کروڑ پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کرنے جا رہی ہے۔

بھارتی معیشت کچھ عرصے سے مہنگائی، دفتر شاہی اور بدعنوانی کے مسائل کے نتیجے میں مشکلات کا شکار رہی ہے اور اسی وجہ سے بیرونی سرمایہ کار بھارت میں سرمایہ کاری کا حوصلہ نہیں دکھا پا رہے ہیں۔

حالیہ انتخابات میں مسٹر مودی کی قیادت والی جماعت بی جے پی کی یک طرفہ کامیابی سے بھارتی معیشت کے احیا کی امیدیں جاگ گئی ہیں۔

بیرونی اور مقامی دونوں طرح کے سرمایہ کاروں کو یہ امید ہے کہ مسٹر مودی کی اصلاحات سے اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گی اور معاشی ترقی کی رفتار تیز ہو جائے گی۔

اسی وجہ سے بہت سے ممالک بھارت کے ساتھ اپنے رشتوں کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔

برطانیہ کے دو سینيئر وزیروں کے دورے کے بعد بھارت میں بیرونی ممالک سے اہم شخصیتوں کے دوروں کا ایک سلسلہ نظر آتا ہے جن میں فرانسیسی وزیر خارجہ لوراں فبیوس، روسی نائب وزیر اعظم دمتری روگوزن اور چینی وزیر خارجہ وانگ لی کے دورے شامل ہیں۔

اسی بارے میں