ایرانی صدر کی’حیرت انگیز‘ ٹویٹ

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption مریم مرزاخانی اعلیٰ ترین اعزاز فیلڈز میڈل جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں

ایران کے صدر حسن روحانی نے ٹوئٹر پر فیلڈز میڈل جیتنے والی ایرانی خاتون مریم مرزاخانی کی حجاب کے بغیر تصویر پوسٹ کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔

حسن روحانی نے اپنی خوشی کا اظہار ایک ’ٹویٹ‘ میں کیا جس میں انھوں نے مریم مرزاخانی کی حجاب کے بغیر ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’مریم مرزاخانی کو مبارک ہو جو فیلڈز میڈل جیتنے والی پہلی خاتون بنیں۔‘

اس تصویر کو تین ہزار بار دوبارہ ٹویٹ یا ’ری ٹویٹ‘ کیا گیا اور اسے سینکڑوں کامنٹس ملے۔

کئی لوگوں نے حسن روحانی کی اس حرکت پر تنقید کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ none

خیال رہے کہ مرزا خانی ایرانی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد سے امریکہ میں مقیم ہیں۔

صدر روحانی کی اس ٹویٹ کی ایران کے قومی اخبارات نے پیروی نہیں کی۔

’ایران نیوز پیپر‘ نامی ایک اخبار نے مریم مرزا خانی کی حجاب کے ساتھ تصویر شائع کی اور دیگر اخبارات نے کسی طریقے سے مرزاخانی کے سر کو ڈھانپ دیا۔

ایرانی میڈیا میں خواتین کی حجاب کے بغیر تصاویر بہت کم دکھائی دیتی ہیں تاکہ ان پر غیر اسلامی اقدار کو فروغ دینے کا الزام عائد نہ ہو۔

خیال رہے کہ ایرانی صدر روحانی ماضی میں بھی کہہ چکے ہیں کہ وہ اسلامی ڈریس کوڈ کے حوالے سے ایک نرم یا معتدل لائن اختیار کریں گے۔

انھوں نے گذشتہ سال ڈھیلے کپڑوں کے ساتھ خواتین کے خلاف کارروائی کی مخالفت کی تھی۔

اسی بارے میں