’بھارتی مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا‘

تصویر کے کاپی رائٹ

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارتی مسلمانوں کی حب الوطنی پر سوال نہیں اٹھایا جا سکتا۔

بین الاقوامی نیوز چینل سی این این کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں نریندر مودی نے کہا: ’ہندوستانی مسلمان ملک کے لیے ہی جیئں گے اور بھارت کے لیے ہی جان دیں گے۔‘

سی این این کے اینکر فريد زِکریا سے بات کرتے ہوئے مودی نے کہا: ’القاعدہ کو یہ غلط فہمی ہے کہ بھارتی مسلمان اس کے اشاروں پر ناچیں گے‘

نریندر مودی نے یہ بات القاعدہ کی جانب سے بھارت کے حوالے سے جاری ہونے والی ایک حالیہ ویڈیو کو بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہی۔

شدت پسند تنظیم کے ویڈیو میں کہا گیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کو ان حالات سے بچانا چاہتی ہے جو کچھ ان کے ساتھ گجرات میں ہوا یا اور جو کشمیر میں ہو رہا ہے وہ مسلمانوں کو انصاف دِلوانا چاہتی ہے۔

مودی کا کہنا تھا کہ اس طرح کے ویڈیو جاری کر کے القاعدہ دراصل بھارتی مسلمانوں سے ساتھ ناانصافی کر رہی ہے۔

نریندر مودی اسی مہینے امریکہ جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا امریکہ کا پہلا دورہ ہوگا۔

انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت اور امریکہ کے تعلقات میں ایک نیا موڑ آیا ہے۔ حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس رشتے نے گزشتہ سو سالوں میں بہت اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو اس بات کا احساس ہے کہ ان کے تعلقات کی حدود وسیع ہیں۔