بھارت: جے للِیتا جیل سے باہر آ گئیں

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption گزشتہ ماہ ایک زیریں عدالت نے جے للتا کو آمدنی سے زیادہ جائیداد رکھنے کے معاملے میں سزا سنائی تھی۔

تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلیٰ اور سیاسی جماعت انادرمک کی رہنما جے رام جے للیتا کو سنیچر کو بنگلور کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

ان کی رہائی کی خبر سن کر انادرمک کے کارکنوں اور حامیوں میں جوش و خروش دیکھا گیا۔

جے للیتا کی رہائی کے وقت جیل کے باہر ریاست کے وزیر اعلٰی او پراسُن بھی موجود تھے۔

اس سے پہلے ملک کی سب سے بڑی عدالت نے جے للیتا کو جمعہ کو ضمانت دے دی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بنگلور کی ایک زیریں عدالت نے انہیں آمدنی سے زیادہ جائیداد رکھنے کے معاملے میں چار سال قید کی سزا سنائی تھی۔

18 سال پرانے اسمقدمے میں تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلٰی کو 60 کروڑ روپے سے زیادہ کی غیر قانونی املاک رکھنے کا مجرم پایا تھا۔

جمعہ کو جے للیتا کو ضمانت دینے کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے یہ بھی ہدایت کی کہ وہ تمام کاغذی کارروائی پوری کر کے دو ماہ کے اندر اندر کرناٹک ہائی کورٹ میں اپیل کریں۔

جیل سے جے للیتا کی رہائی کی خبر پر ان کے حامیوں نے سڑکوں پر ان کے استقبال کے لیے پوسٹر لگائے اور اس موقع پر جیل کے باہر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔

اسی بارے میں