مودی کی ’صاف بھارت‘ مہم میں امیتابھ بھی شامل

تصویر کے کاپی رائٹ AMITABH BACHCHAN TWITTER PAGE
Image caption مودی کی صاف بھارت مہم میں امیتابھ بھی شامل ہو گئے

بھارت کی فلمی صنعت بالی وڈ کے سٹار امیتابھ بچن نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی کی ’صاف بھارت‘ مہم میں شامل ہوتے ہوئے ممبئی کی سڑکوں پر جھاڑو لگائی۔

امیتابھ بچّن نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹوئٹر پر اس کا اعلان کیا اور اس سے وابستہ بعض تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

انھوں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا ہے ’صاف بھارت کی مہم میں سبھی کو شامل ہونا چاہئے۔‘

ان تصاویر میں ٹریک سوٹ پہنے امیتابھ بچّن ممبئی کے جوہو علاقے میں جھاڑو دیتے ہوئے نظر آئے۔

امیتابھ سے پہلے کرکٹر سچن تندولکر، اداکار سلمان خان اور عامر خان جیسی فلمی ہستیاں صاف بھارتی مہم سے منسلک ہونے کا اعلان کر چکی ہیں۔

امیتابھ نے حال ہی میں اپنے معروف ٹی وی شو ’ کون بنےگا کروڑ پتی‘ کے آٹھویں پروگرام کی آخری قسط کی شوٹنگ مکمل کی ہے۔

اس کی شوٹنگ سے پہلے انھوں نے جھاڑو دے کر صاف بھارت مہم میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نےگاندھی جی کی یوم پیدائش کے موقع پر دو اکتوبر کو صاف بھارت مہم کا آغاز کیا تھا اور انھوں نے اس میں سبھی افراد کو شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔

ملک کی کئی نامی گرامی ہستیاں اب تک اس مہم میں شامل ہونے کا اعلان کر چکی ہیں۔ چند روز قبل اداکار سلمان خان نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جھاڑو لگانے کی تصویریں پوسٹ کی تھیں۔

انھوں نے لکھا تھا کہ ملک کو صاف رکھنے کی جو مہم شروع ہوئی ہے ’میں نے اس کی ابتداء کرجت سے کی ہے۔ تصویریں دیکھئے۔‘

سلمان خان نے اس مہم میں شامل کرنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

بھارت کو صاف رکھنے کی اس مہم میں اب تک صنعت کار عظیم پریم جی اور اداکار رجنی کانت سمیت کئی جانی پہچانی ہستیاں شامل ہونے کا اعلان کر چکی ہیں۔