بھارت کی واہگہ خودکش بم حملے کی شدید مذمت

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان بھارت سرحد پر واہگہ کے مقام پر تماشائیوں پر دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

ایک ٹویٹر پیغام میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’واہگہ سرحد کے نزدیک پاکستان میں ہونے والا دہشت گردی کا حملہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میں دہشت گردی کے اس بہیمانہ حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔‘

انھوں نے اس پیغام میں اس حملے میں ہلاک ہونے والے لوگوں کے خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہارکیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سینکڑوں زخمی ہونے والے لوگوں کی صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔

یاد رہے کہ پرچم اتارنے کی تقریب دونوں ممالک کے عوام میں بہت مقبول ہے اور اسے دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح روزانہ واہگہ سرحد کے دونوں جانب جمع ہوتے ہیں۔

واہگہ بارڈو بھارت کے شہر امرتسر کو پاکستان کے شہر لاہور سے سڑک کے ذریعے ملانے والا واحد راستہ ہے۔

بارڈر سکیورٹی فورس کے انسپکٹر جنرل اشوک کمار نے کہا ہے ’ہماری جانب صورتحال قابو میں ہے۔ ہم چوکس ہیں اور ہم نے سلامتی کے انتظامات مزید سخت کر دیے ہیں۔ ہم نے ریاستی پولیس اور سکیورٹی کے اہلکاروں سے مسلسل رابطہ قائم کر رکھا ہے۔

سکیورٹی کے اہلکار صورتحال کا پیر کے روز مفصل جائزہ لیں گے۔‘

اسی بارے میں