بھارتی بحریہ کی کشتی ڈوبنے سے ایک ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بھارتی بحریہ کو گذشتہ ایک برس کے دوران کئی حادثات کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں جانی نقصان بھی ہوا ہے

بھارت کے شہر وشاکھاپٹنم کی بندرگاہ کے قریب بھارتی بحریہ کی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔

بھارتی بحریہ کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی شب پیش آیا ہے اور ڈوبنے والی کشتی ٹی آر وی اے 72 پر 28 افراد سوار تھے۔

ترجمان نے ایک شخص کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عملے کے چار افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بقیہ 23 افراد کو امدادی آپریشن کے دوران بچا لیا گیا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بھارتی بحریہ کی جانب سے جمعے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کشتی بحری مشقوں کے دوران فائر کیے جانے والے تارپیڈو اکٹھے کرنے کے مشن پر تھی۔

بیان میں کشتی ڈوبنے کی وجہ اس کے ایک حصے میں پانی بھرنا بتائی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ کشتی اپنا مشن مکمل کرنے کے بعد واپسی کے سفر کے دوران غرق ہوئی۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی کشتی 1983 میں تیار کی گئی تھی۔

بھارتی بحریہ کو گذشتہ ایک برس کے دوران کئی حادثات کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں جانی نقصان بھی ہوا ہے۔

انھی حادثات کی وجہ سے بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ڈی کے جوشی مستعفی ہو گئے تھے اور ان کی جگہ ایڈمرل آر کے دھون نے لی ہے۔

اسی بارے میں