نریندر مودی آسٹریلوی پارلیمان سے خطاب کریں گے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پی ٹی آئي کے مطابق ’مودی ایکسپریس نام کی ایک سپیشل ٹرین 200 مسافروں کو لے کر میلبرن سے سڈنی کے لیے اتوار کو روانہ کی گئی

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی آسٹریلیا کے دورے کے موقعے پر سڈنی میں بھارتی باشندوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔

ان کے اعزام میں ایک استقبالیہ منعقد کیا گیا ہے جو کہ کسی بھی بھارتی رہنما کے لیے 28 سال میں منعقد کیا جانے والا پہلا استقبالیہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس میں 15 ہزار سے زیادہ افراد کے شامل ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔

جی20 ممالک کی سربراہی کانفرنس میں شامل ہونے کے لیے نریندر مودی گذشتہ ہفتے برزبین آئے تھے۔ منگل کو وہ آسٹریلوی پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے دارالحکومت کینبرا میں خطاب کریں گے۔

اس کے علاوہ کان کنی کے شعبے میں کام کرنے والی بھارتی کمپنی ادانی نے، جسے بھارتی حکومت کا تعاون حاصل ہے، پیر کو آسٹریلوی ریاست کوینزلینڈ کے ساتھ کوئلے کی کان، ریل اور بندرگاہ کے پروجیکٹ کے لیے سات ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption جی20 ممالک کی سربراہی کانفرنس میں شامل ہونے کے لیے نریندر مودی گذشتہ ہفتے برزبین آئے تھے

ادانی نے کوینزلینڈ میں کوئلے کی کان کنی کے لیے بھارتی بینک انڈین بینک کے ساتھ ایک ارب ڈالر کا معاہدہ کیا ہے جسے وہ سنہ 2017 تک پورا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

آسٹریلیا نے ماحولیات پر خاطر خواہ اثرات کے باوجود اس پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔

سڈنی روانہ ہونے سے قبل پیر کو نریندر مودی نے برزبین میں آسٹریلیا کے تجارتی رہنماؤں سے خطاب کیا اور انھیں بھارت میں بہتر سرمایہ کاری کے مواقع کی یقین دہانی کرائی۔

انھوں نے کہا: ’بہتر حکمرانی تبدیلی کا نقطۂ آغاز ہے اور یہ تجارت کے لیے بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا عوام کے لیے۔ آپ بھارت میں تبدیلی پائیں گے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption استقبالیے میں بڑی تعداد میں بھارتی باشندوں کی شرکت کی امید ظاہر کی جا رہی ہے

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئي کے مطابق ’مودی ایکسپریس نام کی ایک سپیشل ٹرین 200 مسافروں کو لے کر میلبرن سے سڈنی کے لیے اتوار کو روانہ کی گئی۔

اسے ایک آسٹریلوی وزیر نے جھنڈا دکھا کر روانہ کیا۔

سڈنی میں ریسپشن کے منتظمین یہ امید ظاہر کر رہے ہیں کہ گذشتہ دنوں امریکہ کے دورے پر نیویارک کے میڈیسن سکوئر پر مودی کے استقبالیہ میں جتنے لوگ آئے تھے یہاں اس سے زیادہ لوگوں کی آمد کی توقع ہے۔

اسی بارے میں