بنگلور میں گدھوں کو خدمات کے اعتراف میں ایوارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption بھارت میں گدھوں کا استعمال کثرت سے ہوتا ہے

بھارت میں اطلاعات کے مطابق ایک سیاست دان نے ایک خصوصی تقریب میں دو گدھوں کو ان کی محنت اور وفاداری پر ایوارڈ دیا ہے۔

بھارت کے نجی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق بنگلور میں ایک علاقائی سیاسی جماعت کے رہنما وتل ناگاراج نے دونوں گدھوں کو ایوارڈ دیے ہیں۔

وتل ناگاراج کے مطابق: ’میں نے گدھوں، کتوں، بھینسوں، گائیوں اور بیلوں سمیت گھریلو جانوروں کو عزت دینے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ یہ انسانوں سے زیادہ وفادار، زیادہ محنت کرنے والے، منظم اور فرمان بردار ہوتے ہیں۔‘

وتل ناگاراج نے شہر کے ایک بس سٹیشن پر منعقد ہونے والی تقریب میں گدھوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کو رنگدار موتیوں اور چادروں سے سجایا گیا۔

وتل ناگاراج کے مطابق بھارت میں گدھوں کا استعمال کثرت سے ہوتا ہے لیکن ان پر توجہ نہیں دی جاتی ہے۔

’کوئی درخواست طلب نہیں کی گئی تھی اور نہ ہی کوئی درخواست موصول ہوئی اور امیدواروں کو منتخب کرنے کے لیے ججوں کی کوئی کمیٹی نہیں تھی اور یہ دنیا میں ایوارڈ دینے کی سب سے منفرد تقریب ہے اور مستقبل میں بنگلور میں جانوروں کو مزید انعامات دیے جائیں گے۔‘

وتل ناگاراج نے وعدہ کیا کہ وہ ان گدھوں کی خدمات کے اعتراف میں ہر ماہ ان کی عزت افزائی کریں گے۔

وتل ناگاراج اپنے انوکھے اقدامات کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں۔