مودی کے ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں اوباما بھی شریک ہوں گے

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption نریندر مودی نے لوگوں سے 25 جنوری تک اپنے سوال بھیجنے کو کہا ہے

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ریڈیو پر نشر ہونے والے وزیر اعظم نریندر مودی کے پروگرام ’من کی بات‘ میں اس بار امریکی صدر براک اوباما بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔

یہ پروگرام 27 جنوری کو نشر کیا جائے گا۔

وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یہ پروگرام لوگوں کی شرکت کے بغیر مکمل نہیں ہو گا۔ انھوں نے لوگوں سے 25 جنوری تک اپنے سوال بھیجنے کو کہا ہے۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ اس پروگرام کے بے صبری سے منتظر ہیں۔

امریکی صدر براک اوباما یوم جمہوریہ کی تقریبات کے مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس تقریب میں شامل ہونے کے لیے وہ تین دن کے دورے پر بھارت آ رہے ہیں۔

بھارت کے دورے کے بارے میں امریکی صدر کے دفتر کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق اوباما کے ساتھ ان کی اہلیہ مشیل اوباما بھی ہوں گی۔ تاہم ان کی دونوں بیٹیاں شاشا اور ماليا ان کے ہمراہ نہیں ہوں گی۔

امریکی صدر اتوار کی صبح ہندوستان پہنچیں گے۔ صدارتی محل میں ان کا استقبال کیا جائے گا۔ اس کے بعد وہ مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔

اتوار کو ہی وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ نئی دہلی میں واقع حیدرآباد ہاؤس میں باہمی میٹنگ کریں گے اور پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے.

اتوار کی شام کو صدر پرنب مکھرجی براک اوباما کے اعزاز میں اعشائیے کا اہتمام کیا گیا ہے۔

اسی بارے میں