مودی کے’ایک ملین کے سوٹ‘ کا چرچا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بھارتی وزیراعظم کا دھاری دار سوٹ جس کی ہر دھاری میں اُن کا نام بار بار لکھا ہوا ہے

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دس لاکھ روپے مالیت کے سوٹ جس پر ان کا نام کڑھائی کیا ہوا تھا، سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی جا رہی ہے ـ وزیر اعظم مودی نے یہ سوٹ صدر اوباما سے دلی میں ملاقات کے دوران پہن رکھا تھا ـ

دور سے دیکھنے میں یہ ایک عام نیلے رنگ کا دھاری دار سوٹ لگ رہا تھا لیکن تصاویر میں کلوزاپ سے ظاہر ہوا کے دھاریوں پر درحقیقت بار بار انگریزی میں نریندر مودی لکھا ہوا ہے ـ

ٹوئٹر پر کئی لوگوں نےنریندر مودی کے سوٹ پر کڑی تنقید کی ہے ـ ان میں تجزیہ نگار براہما چلینی اور کالم نگار براؤن صاحبہ شامل ہیں۔

ناقدین نےان پر ’خود پسندی‘ اور ’نرگسیت‘ کا الزام لگایا ہے اور ان کے نام والے سوٹ کو ’ڈھکوسلہ‘ قرار دیا ہے ـ

مصنف کرشن پرتاب سنگھ نے اپنے ٹویٹ میں نریندر مودی کے سوٹ کی قیمت پر تنقید کرتے ہوئے مزید لکھا کہ بھارت میں اس ہفتے آٹھ غریب کسانوں نے مفلسی کی وجہ سے خودکشی کر لی جبکہ وزیر اعظم اتنا مہنگا سوٹ پہنتے ہیں ـ

کانگریس پارٹی کے سینیئر رہنما جے رام رمیش نےنریندر مودی کو ’احساس برتری کا شکار‘ کہا ہے جبکہ سیاسی کارٹونسٹ منجول نے ایک کارٹون شائع کیا ہے جس میں ایک عام آدمی نریندر مودی سے ان کے سوٹ کے بارے میں سوال کر رہا ہے جس کی قمیض پر بھارت کے مسائل درج ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ

تاہم نریندر مودی کے سوٹ کو چند لوگوں کی طرف سے پذیرائی بھی ملی۔

ڈیجیٹل ایکسپرٹ ٹینو چیریاں ایبراہم نے اپنے ٹویٹ میں نریندر مودی کو ’سب سے زیادہ خوش لباس اور سٹائلش سیاست دان‘ کہا ـ

نریندر مودی اس طرز کا سوٹ پہننے والے پہلے رہنما نہیں ہیں ـ اس سے قبل سابق مصری صدر حسنی مبارک کو مارچ 2011 میں اسی طرح کا سوٹ پہنے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اسی بارے میں