’ایران پاکستان میں سکیورٹی فراہم کر سکتا ہے‘

تصویر کے کاپی رائٹ MEHR
Image caption حالیہ برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات سرحدی کشیدگی کی وجہ سے تناؤ کا شکار رہے ہیں

ایران کے وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ تہران نے اسلام آباد کو تجویز دی ہے کہ ’ایران پاکستان کے کچھ حصوں میں سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے تیار ہے‘۔

پیر کے روز تہران میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ایرانی وزیرِداخلہ عبدالرضا رحمانی فضلی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیں واضع طور پر بتایا ہے کہ ایرانی سرحد کے قریب واقعہ کچھ پاکستانی علاقوں پر حکومتِ پاکستان کی رٹ نہیں ہے۔

عبدالرضا رحمانی فضلی نے سرحد پر مشترکہ گشت کی بھی تجویز دی ہے۔

خیال رہے کہ 7 اپریل کو پاک ایران کی سرحد پر شدت پسندوں کے ایک حملے میں آٹھ ایرانی سرحدی محافظ مارے گئے تھے جس کے بعد ایرانی حکومت نے الزام لگایا تھا کہ حملہ آور پاکستان سے آئے تھے اور کارروائی کر کے واپس پاکستان چلے گئے تھے۔

اس حملے کی ذمہ داری جیش العدل نامی تنظیم نے قبول کی تھی جس کے بارے میں تہران کا موقف رہا ہے کہ اس کے ٹھکانے پاکستان میں ہیں اور حکومتِ پاکستان تنظیم کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی ہے۔

واضع رہے کہ ایران کے صوبے سیستان اور پاکستان کے سرحدی صوبے بلوچستان میں ایرانی سکیورٹی اہلکاروں اور سمگلروں اور سنی باغی گروہوں کے درمیان کئی بار جھڑپیں ہو چکی ہیں اور سنہ 2013 میں بھی سنی عسکریت پسند گروپ جیش العدل نے ایک حملے میں 14 ایرانی سرحدی محافظوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

ایسے واقعات کی وجہ سے حالیہ برسوں کے دوران ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات تناؤ کا شکار رہے ہیں۔

اسی بارے میں