کابل میں سرکاری عمارتوں کے قریب دھماکہ، پانچ افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption اس دھماکے میں وزارتِ معدنیات اور وزارتِ انصاف کی عمارتوں کے ساتھ ساتھ سرینا ہوٹل کو نقصان پہنچا ہے

افغانستان میں حکام کے مطابق دارالحکومت کابل میں دو سرکاری عمارتوں کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہیں۔

دھماکہ اس وقت ہوا ہے جب سرکاری ملازمین دفاتر جانے والے تھے۔

اس دھماکے میں وزارتِ معدنیات اور وزارتِ انصاف کی عمارتوں کے ساتھ ساتھ سرینا ہوٹل کو نقصان پہنچا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق افغانستان کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ 53 کے قریب زخمی افراد کو کابل کے مختلف ہسپتالوں میں لایا گیا ہے۔

سرکاری ترجمان نے روئٹرز کا بتایا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے بھری ایک گاڑی اس وقت پھٹ گئی جب ملازمین کام ختم کرنے کے بعد باہر آرہے تھے۔

خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق وزارتِ انصاف کی عمارت کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ہفتے کابل ہوائی اڈے کے مرکزی راستے کے قریب ایک خود کش دھماکہ ہوا تھا جس میں تین افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے تھے۔