نیسلے نے میگی نوڈلز پر پابندی کو چیلنج کر دیا

میگی نوڈلز تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption میگی نوڈلز انڈیا میں بہت مشہور برینڈ ہے

نیسلے انڈیا نے فوڈ سیفٹی ریگولیٹروں کی طرف سے میگی نوڈلز پر لگائی گئی پابندی کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔

انڈیا کی فوڈ سیفٹی اینڈ سٹینڈرڈز ایجنسی نے میگی نوڈلز کو غیر محفوظ اور مضر کہہ کر اس پر پابندی لگائی تھی۔ اس نے نیسلے پر الزام یہ بھی لگایا تھا کہ وہ فوڈ سیفٹی کے قوانین پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہا ہے۔

نیسلے نے جمعرات کو کہا کہ اس نے ریگیولیٹرز کے حکم کی عدالتی نظر ثانی کے لیے ممبئی کے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کی نوڈلز بالکل محفوظ ہیں۔

ایک بیان میں نیسلے نے کہا ہے کہ وہ عدالت کے پاس اس لیے گئے ہیں کہ معاملے کو حل کیا جا سکے اور انڈیا کے فوڈ سیفٹی کے قوانین کی توضیح کے مسئلے کو اجاگر کیا جا سکے۔

کمپنی نے کہا کہ وہ ریاست مہاراشٹرا کی حکومت کے ایک اور حکم کو بھی چیلنج کر رہی ہے۔

گذشتہ ہفتے میگي نوڈلز کے محفوظ ہونے کا دعویٰ کرنے کے باوجود نیسلے نے اپنی جھٹ پٹ تیار ہو جانے والی نوڈلز کو بھارت میں بازار سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا۔

نیسلے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’بدقسمتی کی بات ہے کہ حالیہ واقعات اور میگي کے بارے میں غیر ضروری خدشات کی وجہ سے صارفین میں الجھن پیدا ہوئی ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کپمنی نے انڈیا میں اپنی مصنوعات کو بازار سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے

کمپنی نے کہا کہ ’حالات یہاں تک پہنچ گئے ہیں کہ ہم نے اپنی مصنوعات کے محفوظ ہونے کے باوجود انھیں بازار سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔‘

تاہم نیسلے نے یہ بھی کہا ہے کہ جیسے ہی حالات واضح ہوں گے، میگي کی بازار میں واپسی ہو گی۔

میگي نوڈلز میں مبینہ طور پر مونوسوڈیم گلوٹامیٹ (ایم ایس جی) نامی مرکب کی موجودگی اور متعین حد سے کہیں زیادہ سیسہ پائے جانے کی وجہ سے اس کے محفوظ ہونے پر سوال اٹھ رہے ہیں۔

مونوسوڈیم گلوٹامیٹ کو چائنیز کھانوں میں ذائقہ بڑھانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

خوراک کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایم ایس جی کی زیادہ مقدار کی موجودگی سے سر میں درد، سینے میں تکلیف اور متلی کی شکایت ہو سکتی ہے اور اس کے طویل عرصے تک استعمال سے اعصابی نظام کو نقصان پہنچتا ہے۔

ان مرکبات کی موجودگی کے انکشافات کے بعد کئی ریاستیں نوڈلز میں مونوسوڈیم گلوٹامیٹ (ایم ایس جی) کی مقدار کی جانچ کر رہی ہیں۔

میگی نوڈلز 1983 میں انڈیا میں متعارف کرائی گئی تھی۔

اسی بارے میں