چین 130 ایئربس طیارے خریدے گا

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بیجنگ میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے

چین نے یورپی طیارہ ساز کمپنی ایئربس سے 130 جہاز خریدنے کے لیے 17 ارب امریکی ڈالر کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

معاہدے کا اعلان بیجنگ میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل اور چین کے وزیراعظم لی کیچیانگ کے درمیان ملاقات کے بعد کیا گیا۔

معاہدے میں وائڈ باڈی کے A330 طیارے اور نیرو باڈی والے ایک سو چھوٹے A320 طیارے شامل ہیں۔

اِس سال کے آغاز میں ایئربس نے چین کی شمالی بندرگاہ تیانجن میں نئی فیکٹری قائم کرنے پر آمادگی ظاہر کی تھی۔

ایئربس چین کی اُبھرتی ہوئی مارکیٹ پر غلبہ حاصل کرنے کے لیے امریکہ کی بوئنگ کپمنی سے مقابلے میں مصروف ہے۔

ایئربس کے صدر فیبرائس بریجئیر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’ہم اپنے سب سے پرانے گاہکوں میں سے ایک سی ای ایس یعنی (چائنا ایوی ایشن سپلائس) کے شکر گزار ہیں کہ اُنھوں نے ایئربس اور ہمہ گیر A330، اُس کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ فروخت ہونے والے A320 پر اپنا اعتماد برقرار رکھا ہے۔‘

اگست میں بوئنگ کا کہنا تھا کہ چین سنہ 2034 تک اپنے تجارتی بیڑے میں 6,330 نئے طیارے شامل کر سکتا ہے۔

ایئربس کے ہیڈکوارٹر جرمنی اور فرانس میں قائم ہیں۔

اسی بارے میں