چین: کوئلے کی کان میں آتشزدگی سے 21 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption سرکاری میڈیا کے مطابق یہ آگ گذشتہ روز جمعے کو لگی تھی

چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق شمال مشرقی چین میں کوئلے کی ایک کان میں لگنے والی آگ میں کم از کم 21 افراد ہلاک جبکہ ایک شخص لا پتہ ہو گیا ہے۔

چین کے سرکاری میڈیا شنہوا کے مطابق ہیئلونگجیانگ صوبے کے جیشی شہر میں ایک سرکاری کوئلے کی کان میں جمعے کو آگ لگ گئی۔

اس سے پہلے یہ خبر آئی تھی کہ آتشزدگی میں 22 افراد پھنس گئے ہیں تاہم اس کی وجوہات کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا ہے۔

خیال رہے کہ چین میں کوئلے کی کانیں دنیا کی خطرناک ترین کانوں میں شمار ہوتی ہیں جہاں ہر سال سینکڑوں کان کن لقمۂ اجل بن جاتے ہیں۔

حکام کی جانب سے سخت حفاظتی اقدامات اور قوانین کے نفاذ میں سختی لانے سے حالیہ برسوں کے دوران ایسے واقعات میں بہتری کے آثار نظر آئے ہیں۔

شنہوا نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت کل 38 کان کن کوئلے کی کان میں تھے جن میں سے 16 کسی طرح بچ نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے۔

گذشتہ سال چین کے شمال مشرقی صوبے لیانونگ کی ایک کان میں آتشزدگی کے واقعے میں 24 افراد ہلاک جبکہ 54 زخمی ہوگئے تھے۔

اسی بارے میں