’پولیس کے ساتھ تصادم میں پانچ ماؤنواز باغی ہلاک‘

تصویر کے کاپی رائٹ Alok Putul
Image caption بھارت میں ماؤ نواز باغی حکومت کے خلاف ایک عرصے سے برسر پیکار ہیں

بھارت کی شمال مشرقی ریاست بہار میں ماؤ نواز باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والے تصادم میں پانچ ماؤ نواز باغیوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے تقریبا 120 کلومیٹر جنوب میں واقع اورنگ آباد ضلع کے ڈھبرا میں رونما ہوا جہاں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اور ماؤ نواز باغیوں کے درمیان تصادم ہوا ہے۔

مقامی صحافی نیرج سہائے نے بی بی سی کو بتایا کہ تصادم کے بعد تلاشی مہم کے دوران پانچ نکسلیوں یا ماؤ نواز باغیوں کی لاشیں ملی ہیں۔

مہم کے بارے میں سی آر پی ایف کے انسپکٹر جنرل ارون کمار نے بتایا ’ماؤ نواز باغیوں کے خلاف سپیشل فورس کوبرا بٹالین کی یہ کارروائی جمعے کی شام قریب ساڑھے پانچ بجے کی گئي۔‘

انھوں نے بتایا ’جمعے اور سنیچر کی درمیان شب تاریکی اور کہر کی وجہ سے تلاش کا کام روک دیا گیا تھا اور سنیچر کی صبح دوبارہ تلاشی مہم شروع کی گئي ہے۔‘

انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں بٹالین کے ایک حولدار ناگیندر پرساد کو کندھے میں گولی لگی ہے۔

ہلاک ہونے والے ماؤ نواز باغیوں کے پاس سے ایک اے کے47 رائفل اور ہتھیار برآمد کیے گئے ہیں۔

اسی بارے میں