فرانس کے صدر تین روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption صدر فرانسوا اولاند اس کے بعد بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی جائیں گے جہاں وہ منگل کو ہونے والی ریپبلک پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے

فرانس کے صدر فرانسوا اولاند تین روزہ دورے پر بھارت پہنچ گئے ہیں جہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے پر بات چیت کریں گے۔

فرانسیسی صدر شمالی شہر چندی گڑھ پہنچے جہاں ان کی ملاقات بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے متوقع ہے۔

چندی گڑھ جسے سنہ 1950 میں فرینچ سوئس ماہر تعمیرات لی کاربوزیئر نے ’سمارٹ سٹی‘ کے طور پر ڈیزائن کیا تھا کے بارے میں فرانس پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ وہ اس شہر کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھارت کی مدد کرے گا۔

اس بات کا بھی امکان ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان بھارت کی جانب سے اربوں ڈالرز کے فرانسیسی جنگی طیارے خریدنے کی تجویز پر بھی بات ہو گی۔

صدر فرانسوا اولاند اس کے بعد بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی جائیں گے جہاں وہ منگل کو ہونے والی ریپبلک پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق صدر فرانسوا اولاند نے ایک بار پھر کہا ہے کہ 60 ہزار کروڑ روپے کے رافیل جنگی طیاروں کا بھارت کے ساتھ معاہدہ ’صحیح راہ‘ پر ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان بے مثال صنعتی اور تکنیکی تعاون کی راہ آئندہ 40 سالوں کے لیے ہموار ہوگی۔

صدر اولاند اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پیر کے روز مشترکہ طور پر آئی ایس اے یعنی ’انٹرنیشنل سولر الائنس‘ کے منصوبے کے تحت عبوری سیکریٹیریٹ کا افتتاح بھی کریں گے۔ اس منصوبے کا آغاز دونوں رہنماؤں نے پیرس میں ہونے والے عالمی ماحولیاتی اجلاس کے موقع پر کیا تھا۔

اسی بارے میں