روحانی پیشوا شری روی شنکر کو ’جیل بھیجا جائے‘

Image caption آرٹ آف لِونگ کے سربراہ گرو شری روی شنکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ بطور جرمانہ ایک پیسہ نہیں ادا کریں گے اور جیل جانے کے لیے تیار ہیں

بھارتی دارالحکومت دہلی میں دریائے جمنا کے کنارے جمعے سے شروع ہونے والے روحانی گرو شری شری روی شنکر کے پروگرام پر پارلیمان میں زبردست ہنگامہ ہوا ہے۔

پارلیمان کے ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں جنتا دل (يونائٹڈ) کے رہنما شرد یادو نے کہا کہ پروگرام کے حوالے سے مسٹر شری روی شنکر پر جو جرمانہ عائد کیا گیاتھا اسے انھوں نے ادا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ انھوں نے پوچھا ’کیا وہ نظام سے بالا تر ہیں؟‘

انھوں نے اس معاملے میں حکومت پر ملی بھگت کا الزام لگاتے ہوئے مسٹر روی شنکر کو جیل بھیجنے کا مطالبہ کیا۔

کانگریس پارٹی کے رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ دریائے جمنا کے کنارے اتنے بڑے پروگرام سے ماحولیاتی نظام کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption دہلی میں جمنا ندی کے کنارے 11 سے 13 مارچ کے درمیان 'ورلڈ کلچر فیسٹول' منعقد کیا جا رہا ہے جس میں بہت سے ممالک سے لاکھوں لوگوں کے شامل ہونے کا امکان ہے

لیکن پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان تعصب کا شکار ہیں۔ انہھوں نے کہا کہ اس مسئلے پر سیاست نہیں کی جانی چاہیے۔

بھارت کے معروف گرو شری شری روی شنکر دہلی میں دریائے جمنا کے کنارے جمعہ سے ’ورلڈ کلچر فیسٹیول‘ کے نام سے ایک تین روز پروگرام کر رہے ہیں۔

ماحولیات کے لیے کام کرنے والے کارکنان نے دریائے اس سے جمنا کے ماحول کو نقصان پہنچانے کا حوالہ دے کر نیشنل گرین ٹریبیونل (اے این جي ٹي) میں چیلنج کیا تھا۔

اے این جے ٹی نے اس پر سماعت کے بعد گرو کی مشہور تنظیم ’آرٹ آف لِونگ‘ دہلی کے آلودگی کنٹرول بورڈ اور ڈیلہی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پر پانچ کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کرتے ہوئے پروگرام کی اجازت دی تھی۔

لیکن آرٹ آف لِونگ کے سربراہ گرو شری روی شنکر نے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ بطور جرمانہ ایک پیسہ نہیں ادا کریں گے اور جیل جانے کے لیے تیار ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Vineet Khare

ٹرییبونل میں سماعت کے دوران آرٹ آف لِونگ نے کہا تھا کہ وہ خیراتی ادارہ ہیں اور اتنے کم وقت میں پانچ کروڑ روپے جمع کرنا ان کے لیے مشکل ہے۔

ٹرییبونل نے کہا تھا کہ جرمانے کی رقم سے اس علاقے کو بائيوڈائیورسٹي پارک کے طور پر تیار کیا جانا چاہیے۔

اس سے پہلے اے این جي ٹي نے پانچ کروڑ روپے کا جرمانہ ادا کرنے کی ڈیڈ لائن کو جمعے تک کے لیے بڑھا دیا تھا۔

پہلے اس نے یہ حکم دیا تھا کہ یہ پیسے جمعرات شام تک جمع کرائے جائیں، ورنہ جمنا کے کنارے پر ’ورلڈ کلچر فیسٹیول‘ کے انعقاد کی اجازت منسوخ کی جا سکتی ہے۔

دہلی میں جمنا ندی کے کنارے 11 سے 13 مارچ کے درمیان ورلڈ کلچر فیسٹیول منعقد کیا جا رہا ہے جس میں بہت سے ممالک سے لاکھوں لوگوں کے شامل ہونے کا امکان ہے۔

اسی بارے میں