گڑگاؤں سے گروگرام پر سوشل میڈیا پر بحث

تصویر کے کاپی رائٹ THINKSTOCK
Image caption شہر کی کامیابی میں حکومت کا دخل کچھ اتنا زیادہ نہیں ہے، جبکہ شہر میں مناسب سرکاری ذرائع نقل و حمل (پبلک ٹرانسپورٹ) کی بھی کمی ہے اور صفائی کا بھی فقدان نظر آتا ہے

بھارت کے دارالحکومت دہلی سے متصل اہم کاروباری شہرگُڑگاؤں کا نام سرکاری طور پر تبدیل کرکے گُروگرام رکھ دیا گیا ہے۔

بھارتی ریاست ہریانہ میں واقع ملٹی نیشنل کمپنیوں، چمکتے دمکتے شاپنگ مالز، اور مہنگے فلیٹوں پر مشتمل ضلع گُڑگاؤں کو ملینیم سٹی بھی کہا جاتا ہے۔

دہلی کے ہوائی اڈے سے نزدیک ہونے کی بنا پر زیادہ آمد و رفت کرنے والے افراد کے لیے یہ ایک پُرکشش جائے رہائش ہے۔

شہر کا نیا نام گُروگرام درونا چاریہ کے نام سے اخذ کیا گیا ہے۔ گُرو درونا چاریہ کا ذکر ایک ماہر تیر انداز کے طور پر ہندوؤں کی کتاب مہا بھارت میں ملتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے مقامی مہم کے بعد شہر کا نام گُڑ گاؤں سے تبدیل کرکے گُرو گرام رکھا ہے جس کے معنی ہیں ’گُرو کا گاؤں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گذشتہ دو دہائیوں میں گُڑگاؤں، کال سینٹرز اور آؤٹ سورسنگ کی صنعت کے باعث ایک زرعی علاقے سے ٹیکنالوجی کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے

ضلعے کی سرکاری ویب سائٹ کے مطابق ’ضلعے کا نام گُرو درونا چاریہ کے نام پر ہی رکھا گیا تھا جو گُروگرام بن گیا تھا اور پھر وقت کے ساتھ یہ نام بگڑ کے گُڑ گاؤں ہوگیا تھا۔‘

شہر کے نام کی تبدیلی نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹس پر خاصی ہلچل مچائی اور رواں ہفتے منگل کے روز Gurugram# کے ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر ٹرینڈ ہوتا رہا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ bbc
تصویر کے کاپی رائٹ bbc

گذشتہ دو دہائیوں میں گُڑگاؤں، کال سینٹرز اور آؤٹ سورسنگ کی صنعت کے باعث ایک زرعی علاقے سے ٹیکنالوجی کے مرکز میں تبدیل ہوگیا ہے۔

تاہم شہر کی کامیابی میں حکومت کا دخل کچھ اتنا زیادہ نہیں ہے، جبکہ شہر میں مناسب سرکاری ذرائع نقل و حمل (پبلک ٹرانسپورٹ) کی بھی کمی ہے اور صفائی کا بھی فقدان نظر آتا ہے۔

حالیہ چند سالوں میں کئی بھاتی شہروں کا نام تبدیل کیا گیا ہے تاکہ مقامی زبانوں اور قومی جذبات کی بہتر ترجمانی کی جاسکے۔

اسی بارے میں