تمل ناڈو، کیرالہ اور پوڈوچیری میں ووٹنگ جاری

Image caption معروف کرکٹر سری شانت بھی ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ بوتھ پر نظر آئے

انڈیا کی دو ریاستوں تمل ناڈو اور کیرالہ کے علاوہ مرکز کے زیر انتظام علاقے پوڈوچیری (پانڈی چیری) میں اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔

تمل ناڈو میں 232 اسمبلی سیٹوں، کیرالہ کے 140 اسمبلی سیٹوں اور پوڈوچیري کے 30 اسمبلی حلقوں کے لیے پیر کو مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے سے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور پولنگ شام چھ بجے تک جاری رہے گی۔

اس سے قبل شمال مشرقی ریاست آسام اور مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کئی مرحلوں میں پورے ہوئے ہیں۔

چاروں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیے ڈالے جانے والے ووٹوں کی گنتی 19 مئی کو ہوگی اور نتائج بھی اسی دن آ جائیں گے۔

Image caption کیرالہ میں برسر اقتدار یو ڈی ایف اور ایل ڈی ایف کے درمیان سخت مقابلہ ہے

کیرالہ میں دو کروڑ 61 لاکھ اہل ووٹرز 140 نشستوں کا فیصلہ کریں گے۔ ریاست میں مجموعی طور پر 1203 امیدوار میدان میں ہیں اور پولنگ کے لیے ریاست کے 14 اضلاع میں 21،498 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

کیرالہ کے کوچی میں موجود بی بی سی کی نامہ نگار دویہ آریہ کے مطابق پولنگ کے ساتھ ہی وہاں بارش شروع ہو گئی ہے اور لوگ چھتری لگا کر ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں۔

ہر چند کے کئی سروے میں یہ عندیہ دیا جا رہا ہے کہ بائیں بازو کے اتحاد ایل ڈی ایف کو سبقت حاصل ہے تاہم کانگریس کا کہنا ہے کہ وہ نئی تاریخ رقم کرے گي۔

Image caption کوچی میں بارش ہو رہی ہے اور لوگ چھتری لگا کر ووٹ ڈالنے جا رہے ہیں

جبکہ مرکز میں برسر اقتدار پارٹی بی جے پی نے ریاست میں قائم ہونے والی ایک نئی پارٹی بھارت دھرم سینا کے ساتھ اتحاد کیا ہے۔

دوسری جانب تمل ناڈو میں حمکراں جماعت اے آئی اے ڈیم ایم کے اور ڈی ایم کے کے درمیان سخت مقابلہ کی پیش گوئی کی جا رہی ہے۔

وزیر اعلی جے للتا نے ووٹروں سے بڑی تعداد میں نکل کر ووٹ ڈالنے کی اپیل کی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption تمل ناڈو میں وزیر اعلی جے للتا نے ووٹروں سے بڑی تعداد میں ووٹ کی اپیل کی ہے

تمل ناڈو میں پانچ کروڑ 82 لاکھ اہل ووٹرز 3776 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

تمل ناڈو میں ووٹ حاصل کرنے کے لیے رقم تقسیم کیے جانے کی خبروں کے بعد الیکشن کمیشن نے تنجاور اور اروواكروچی اسمبلی حلقوں کے لیے ووٹنگ کو موخر کر دیا ہے اور اب ان اسمبلی حلقوں میں 23 مئی پولنگ کو ہوگی۔

اس کے علاوہ اتر پردیش میں مرادآباد ضلعے میں بیلاري اور غازی پور ضلع میں جنگي پور اسمبلی سیٹوں کے لیے ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں۔

اسی بارے میں