گجرات فسادات:گلبرگ قتلِ عام کیس میں 11 کو عمرقید

Image caption مشتعل ہجوم نے 28 فروری سنہ 2002 کو احمد آباد کی گلبرگ ہاؤسنگ سوسائٹی میں داخل ہو کر 69 افراد کو قتل کر دیا تھا

انڈیا کی ریاست گجرات کے دارالحکومت احمد آباد میں ایک خصوصی عدالت نے 14 برس قبل ریاست میں فرقہ وارانہ فسادات میں ملوث 24 مجرمان کو قید کی سزا سنائی ہے۔

مجرمان میں سے 11 کو عمر قید ایک کو دس سال جبکہ 12 کو سات، سات سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

٭ گجرات: گلبرگ قتلِ عام کیس میں 24 ملزمان پر جرم ثابت

یہ معاملہ فروری سنہ 2002 میں احمد آباد کی گلبرگ سوسائٹی میں ایک مشتعل ہجوم کے ہاتھوں 69 افراد کے قتل کا ہے جن میں کانگریس کے سابق رکن پارلیمان احسان جعفری بھی شامل تھے۔

یہ فسادات گودھرا میں سابرمتی ایکسپریس ٹرین پر ہونے والے حملے کے بعد ہوئے تھے جس میں 59 افراد مارےگئے تھے۔

جس وقت یہ واقعہ پیش آیا تو ملک کے موجودہ وزیرِ اعظم نریندر مودی گجرات کے وزیرِ اعلیٰ تھے۔

جن افراد کو عدالت نے سزا سنائی ان میں سخت گیر ہندو تنظیم وشو ہندو پریشد کے ایک رہنما اتل ویدیہ اور کانگریس کے سابق کونسلر میگھ جي چودھری بھی شامل ہیں۔

عدالت نے رواں ماہ کی دو تاریخ کو اس معاملے میں 24 افراد کو مجرم قرار دیا تھا جبکہ 36 کو بری کر دیا گیا تھا۔

مجرم ٹھہرائے جانے والوں میں سے 11 کو قتلِ عمد کی دفعہ 302 کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا۔

اس مقدمے کی اہمیت اس لیے بھی ہے کیونکہ اس کی تفتیش سپریم کورٹ کی رہنمائی میں ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے کی تھی۔

واضح رہے کہ گجرات فسادات سے متعلق نو دیگر مقدمات بھی ہیں جن کی تحقیقات عدالتِ عظمیٰ کے احکامات کے تحت کی جا رہی ہیں۔

اسی بارے میں