کابل: ریلی پر خود کش حملے میں 80 ہلاک، 230 زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ GETTY IMAGES
Image caption دولتِ اسلامیہ مشرقی افغانستان میں سر گرم ہے لیکن اس سے پہلے کابل میں ہونے والے کسی حملے کی ذمہ اس نے قبول نہیں کی تھی

افغانستان کی وزراتِ صحت کے مطابق کے دارالحکومت کابل میں ہزارہ برادری کے ایک احتجاج کے دوران ہونے والے خود کش حملے میں کم از کم 80 افراد ہلاک اور 230 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

خود کو دولتِ اسلامیہ کہلانے والی شدت پسند تنظیم سے روابط والی نیوز ایجنسی اعماق کا کہنا ہے کہ دو خود کش حملہ آوروں نے کابل میں اہل تشیع کے احتجاج میں اپنے آپ کو اڑا دیا۔

ہزارہ برادری کے ہزاروں افراد بجلی کی سپلائی کے منصوبے میں مجوزہ راستے کے تعین کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔

افغانستان کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ صرف ایک خودکش بمبار اپنے آپ کو اڑانے میں کامیاب رہا۔

افغان انٹیلیجنس ایجنسیوں نے بی بی سی کو بتایا کہ دولت اسلامیہ کے ابو علی نامی کمانڈر نے ننگرہار صوبے سے تین حملہ آوروں کو بھیجا تھا۔

دوسری جانب افغان طالبان نے اس دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ انھوں نے نہیں کیا۔

دولتِ اسلامیہ مشرقی افغانستان میں سرگرم ہے لیکن اس سے پہلے کابل میں ہونے والے کسی حملے کی ذمہ داری اس نے قبول نہیں کی تھی۔

ہزارہ برادری اس بات پر ناراض ہیں کہ منصوبے میں جن راستوں کا انتخاب کیا گیا ہے اس کی وجہ سے ہزارہ آبادی والے علاقے نظر انداز ہو رہے ہیں۔

صدر اشرف غنی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’پرامن مظاہرہ کرنا تمام شہریوں کا حق ہے لیکن موقع پرست دہشت گردوں نے اس کا فائدہ اٹھایا اور معصموم لوگوں کا قتل کیا جن میں سکیورٹی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Hakim Muzaher
Image caption کابل میں ایک صحافی نے بی بی سی کو بتایا کے ہر طرف خون اور انسانی اعضا بکھرے ہوئے ہیں

کابل میں ایک صحافی نے بی بی سی کو بتایا کے ہر طرف خون اور انسانی اعضا بکھرے ہوئے ہیں۔

اس احتجاج کے لیے شہر کا ایک بڑا حصہ سیل کیا گیا تھا۔

مظاہرین نے جو بینر اٹھا رکھے تھے ان پر تفریق کے خاتمے سے متعلق نعرے درج تھے۔ ان کا موقف تھا کہ ترکمانستان سے آنے والے بجلی کی لائن ہزارہ آبادی والے علاقے بامیان اور وردک صوبوں سے ہو کر نہیں گزر رہی۔

شیعہ مسلک سے تعلق رکھنے والے ہزارہ افغانستان میں تیسرا بڑا گروہ ہیں۔ اور یہ زیادہ تر ملک کے وسطی حصوں میں رہتے ہیں۔

یہ لوگ مسلسل نسلی تفریق کی شکایت کرتے ہیں خصوصاً نوے کی دہائی میں طالبان حکومت کے دوران۔ ان میں سے بیشتر پاکستان، ایران اور تاجکستان نقل مکانی کر گئے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ englightening movement
Image caption ان کا موقف تھا کہ ترکمانستان سے آنے والے بجلی کی لائن ہزاراہ آبادی والے بامیان اور وردک صوبوں سے ہو کر نہیں گزر رہی۔
تصویر کے کاپی رائٹ englightening movement

اسی بارے میں