انڈین وزیرداخلہ کا دورۂ کشمیر، کرفیو میں نرمی

Image caption حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیرداخلہ سنیچر کی صبح سرینگر کے ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر براہ راست گورنر نریندر ناتھ ووہرا کی سرکاری رہائش گاہ پہنچے

انڈیا کے زیر انتظام کشمیں دو ہفتوں سے جاری کشیدگی سے نمٹنے کے لیے انڈین حکومت نے عوام سے رابطہ بحال کرنے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔

اس حوالے سے انڈین وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ سنیچر کو دور روزہ دورے پر سرینگر پہنچے ہیں۔ حکومت نے ان کی آمد پر بڈگام، بانڈی پورہ، بارہمولہ اور گاندربل میں کرفیو ہٹانے کا اعلان کیا جبکہ سرینگر کی مضافاتی بستیوں میں ناکہ بندی کو نرم کردیا گیا۔

لیکن ان سبھی علاقوں میں موجود پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد بدستور تعینات رہے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نرمی کے باوجود چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی جاری رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ انڈین وزیرداخلہ سنیچر کی صبح سرینگر کے ایئر پورٹ سے ہیلی کاپٹر میں سوار ہوکر براہ راست گورنر نریندر ناتھ ووہرا کی سرکاری رہائش گاہ پہنچے جہاں انھوں نے پولیس، فوج، نیم فوجی اداروں اور خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ افسروں کی موجودگی میں گورنر کے ساتھ موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption راج ناتھ سنگھ کی آمد کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں لوگوں نے مظاہرے کیے

بعد میں وزیر داخلہ نہرو گیسٹ ہاوس پہنچے جہاں وہ حکمراں اتحاد پی ڈی پی اور بی جے پی کے وزرا اور اراکین اسمبلی سے مختلف مراحل میں دیر رات تک ملاقاتیں کریں گے۔

حکومت نے پہلے ہی نوجوان صنعت کاروں، تجارتی انجمنوں، ادیبوں، سماجی رضاکاروں، کالم نویسوں، تجزیہ نگاروں اور دوسرے نوآموز سیاسی گروپوں کو وزیرداخلہ سے ملاقات کے لیے مدعو کیا ہے۔ تاہم ہوم منسٹر سے ملاقات کے بارے میں اکثر حلقوں کو تحفظات ہیں۔

کشمیر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز سمیت سبھی تجارتی انجمنوں نے علی الاعلان کہا ہے کہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم کے دوران ایسی ملاقات کا کوئی مطلب نہیں ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption بعض علاقوں میں کرفیو میں نرمی کی گئي ہے لیکن ان سبھی علاقوں میں موجود پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں کی بڑی تعداد بدستور تعینات رہے گی

چیمبرز آف کامرس کے ترجمان فیض بخشی نے ایک بیان میں کہا: ’ہمارے بچوں کی آنکھیں چھینی گئیں، 50 سے زائد کو ہلاک کیا گیا اور سینکڑوں ہسپتالوں میں پڑے ہیں۔ ایسے میں ہمارے پاس ایک ہی آپشن ہے اور وہ ہے احتجاج۔ لہِذا ہم ہوم منسٹر سے نہیں ملیں گے۔‘

بعض مقامی اخبارات نے اپنے ذرائع کا حوالہ دے کر انکشاف کیا ہے کہ راج ناتھ سنگھ علیحدگی پسند رہنماوں کو مذاکرات کی دعوت دیں گے۔ لیکن سرکاری ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ ایسا براہ راست لہجہ ممکن نہیں ہے۔

حکمران پی ڈی پی کے ایک سینئر رہنما نے بی بی سی کوبتایا: ’ہم اب اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مالی پیکیج، روزگار کے وعدے یا دوسرے اقتصادی مرعات سے یہ مسلہ حل نہیں ہوگا۔ ہم ضرور چاہیں گے کہ ایک سیاسی پیکیج کا اعلان ہو، لیکن حکومت ہند کہتی ہے کہ وہ سب سے بات کرے گی۔ جب تک بات چیت کے عمل میں بنیادی کرداروں کا تعین نہیں ہوتا تب تک مذاکرات کی پیشکش کی امید نہیں کی جاسکتی۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP

دریں اثنا راج ناتھ سنگھ کی آمد کے ساتھ ہی کئی علاقوں میں لوگوں نے مظاہرے کیے اور ہندمخالف نعرے بازی کی، تاہم پولیس اور نیم فوجی اہلکاروں نے ہوا میں فائرنگ کی اور آنسو گیس کے استعمال سے انھیں منتشر کیا۔

اس دوران حزب المجاہدین نے جنوبی کشمیر کے اکثر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کیے ہیں جن پر برہان وانی کے بغیر 11 مسلح نوجوانوں کی تصویریں ہیں۔ پوسٹر میں ’جدوجہد جاری رکھنے‘ کا عزم کیا گیا ہے۔

اکثر سماجی تنظیموں نے بھی راج ناتھ سنگھ سے ملاقات کا بائیکاٹ کیا ہے۔ یتیموں کی کفالت کر رہی ایک انجمن کے کارکن نے بتایا: ’دلّی والوں کی نیت ٹھیک نہیں ہے۔ یہ آگ بجھانا چاہتے ہیں۔ وزیرداخلہ کمیٹی کا اعلان کریں گے۔ پھر کہیں گے کہ ہم پیلیٹ گن کے استعمال پر نظرثانی کریں گے۔ لوگوں کی بات سُنیں گے۔ بھلا یہ کبھی کوئی سیاسی پیشکش ہے۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption راج ناتھ سنگھ کے دورہ کا اعلان ہونے کے چند گھنٹے بعد جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقہ میں فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک کردیا

مبصرین کہتے ہیں کہ ’بی جے پی فی الوقت علیحدگی پسندوں کو مذاکرات کی پیشکش کی متحمل نہیں ہوسکتی ، کیونکہ کشمیر ایک مسلم اکثریتی خطہ ہے اور مسلمانوں کو کوئی سیاسی رعایت دینے کا مطلب ہے کہ اترپردیش یا پنجاب کے انتخابات میں اپوزیشن کی تنقید مول لینا۔‘

اگر واقعی راج ناتھ کا دورہ بغیر کسی سیاسی پیکیج کے اختتام کو پہنچا تو حکمران پی ڈی پی کو عوامی ساکھ مزید خراب ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ راج ناتھ سنگھ کے دورہ کا اعلان ہونے کے چند گھنٹے بعد جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقہ میں فورسز نے مظاہرین پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو ہلاک کردیا۔

اسی بارے میں