انڈیا میں چائلڈ لیبر قانون میں ترامیم پر تنقید

تصویر کے کاپی رائٹ Getty

انڈیا کی پارلیمان میں بچوں سے مزدوری کروانے یا ملازمت پر رکھنے پر پابندی کے قانون میں متنازع ترامیم منظور کیے جانے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

بل میں منظور کیے جانے والی نئی ترامیم کے مطابق 14 برس سے کم عمر بچوں کے کام کرنے پر پابندی ہے لیکن اس میں ’خاندانی کاروبار‘ اور قریبی رشتہ داروں کے کاروبار میں کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

یہ بل 15 سے 18 سال کے بچوں کے لیے نوکریوں کی تعداد کم کرنے کے علاوہ ان کے کام کرنے پر پابندی بھی عائد کرتا ہے۔

انڈیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ اس قانون سے غریب خاندانوں کو روزی کمانے اور بچوں کو مہارت حاصل کرنے کا موقع مل گا۔

دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے ادارے یونیسیف اور امن کا نوبل انعام حاصل کرنے والے انڈین سماجی کارکن کیلاش ستیارتھی نے اس بل پر تنقید کی ہے۔

کیلاش ستیارتھی کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ ’یہ بل خاندان اور خاندانی کاروبار کی غلط تعریف ہے۔ یہ بل بچوں کی معاشی استحصال کا جواز پیش کرنے کے لیے بھارتی خاندانی اقدار کا استعمال کرتا ہے۔‘

انڈیا میں یونیسیف کی تعلیم کی سربراہ یوفریٹس گوبینا نے ایک بیان میں کہا ’نئے چائلڈ لیبر ایکٹ کے تحت بچوں کی مشقت کے کچھ شکلیں پوشیدہ رہ سکتی ہیں اور سب سے کمزور اور پسماندہ بچوں کی سکولوں کی حاضری کم ہو سکتی ہے، کم پڑھائی کی وجہ سے انھیں سکول چھوڑنے کے لیے مجبور کیا جا سکتا ہے۔‘

انڈیا کے لیبر اور روزگار کے وزیر بندارو دتاتریہ نے پارلیمان کو بتایا کہ بل میں دی جانے والی رعایت سے حکومت کو ایکٹ کے نفاذ میں ’عملی طور پر عملدرآمد‘ کی اجازت ملے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا ’ہم نے نئے بل میں کئی تحفظات کو فعال کیا ہے۔‘

موجودہ قانون کے تحت صرف 14 سال سے کم عمر بچوں کو ایسے کام جنھیں ’خطرناک‘ بیان کیا جاتا ہے سے منع کیا جا رہا ہے۔

انڈیا کی پارلیمان سے منظور کیے جانے والا یہ نیا بل صدر پرناب مکھر جی کی منظوری کا منتظر ہے جس کے بعد تمام شعبوں میں چائلڈ لیبر پر پابندی کو توسیع مل جائے گی اور 14 سال سے کم عمر کے بچوں کو نوکری دینے والے افراد پر جرمانے میں اضافہ کیا جا سکے گا۔

تاہم کارکنوں کا کہنا ہے کہ یہ بل بچوں کو سکول کے اوقات کے بعد اور چھٹیوں کے دوران خاندان کے کاروبار کے لیے کام کرنے کی اجازت دیتا ہے اور یہ بچوں کے ہیرے کاٹنے، صفائی، اینٹوں کے بھٹے میں کام کرنے، گھریلو صنعتوں میں کام کرنے کے لیے راستہ صاف کرتا ہے۔

اسی بارے میں