جی ایس ٹی بل منظور، اطلاق آئندہ مالی سال سے

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption لوک سبھا میں بی جے پی کی اکثریت ہے اور وہاں یہ وہاں یہ بل گذشتہ برس ہی منظور ہو گیا تھا

انڈیا کے پارلیمان کے ایوان بالا یا راجیہ سبھا نے گڈّز اینڈ سروسز ٹیکس بل کی منظوری دے دی ہے جس کے اطلاق کے بعد پورے ملک میں ساز و سامان اور سروسز پر صرف ایک مرتبہ ٹیکس نافذ کیا جائے گا اور اس کی شرح پورے ملک میں یکساں ہوگی۔

ملک کی زیادہ تر سیاسی جماعتوں کےدرمیان اتفاق رائے ہو جانے کے بعد گڈّز اینڈ سروسز ٹیکس کے اطلاق کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

اس آئینی ترمیم کو پارلیمان کی منظوری مل جانے کے بعد توثیق کے لیے ریاستوں کو بھیجا جائے گا۔

انڈیا کی حکومت نئے ٹیکس کا اطلاق آئندہ مالی سال سے شروع کرنا چاہتی ہے۔

اس آئینی ترمیم کو ملک کے ٹیکس نظام میں اب تک کی سب سے اہم تبدیلی قرار دی جا رہی ہے۔

انڈیا کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کے مطابق اس کے نتیجے میں پورا ملک ایک سنگل مارکیٹ میں تبدیل ہو جائے گا۔ ملک کے کسی بھی حصے میں تیار ہونے والا ساز و سامان یا فراہم کی جانے والی سروسز پر ایک ہی شرح سے ٹیکس نافذ کیا جائے گا اور ہر ریاست میں الگ الگ ٹیکس دینے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔

فی الحال صورتحال یہ ہے کہ اگر کوئی سامان ہریانہ سے بن کر ممبئی جاتا ہے تو راستے میں آنے والی ہر ریاست میں کسی نہ کسی شکل میں ٹیکس ادا کرنا پڑتا ہے۔

ارون جیٹلی نے یہ بھی کہا کہ نئے قانون کے اطلاق کے بعد ٹیکس چوری روکنے میں مدد ملے گی جس سے حکومت کی آمدنی بڑھے گی اور معاشی ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

گڈز اینڈ سروسز ٹیکس کی تجویز دس سال سے بھی زیادہ پرانی ہے لیکن حکومت، حزب اختلاف اور ریاستوں کے درمیان اختلافات کی وجہ سے یہ اب تک التوا کا شکار تھی۔

ریاستوں کو خدشہ تھا کہ ان کی آمدنی کم ہو جائے گی جب کہ انڈیا کی حزبِ اختلاف جماعت کانگریس کو فکر ہے کہ حکومت آمدنی بڑھانے کی کوشش میں ٹیکس کی اونچی شرح نافذ کر سکتی ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے سب سے پہلے اس ٹیکس کی تجویز پیش کی تھی۔

پارلیمان میں خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’یہ بالواسطہ ٹیکس ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ غریب ہو یا امیر، سب کو یکساں شرح سے یہ ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ حکومت کو غریب آدمی کا خیال رکھتے ہوئے ٹیکس کی شرح کم سے کم رکھنی چاہیے اور یہ کسی بھی حالت میں 18 فیصد سے زیادہ نہ ہو ورنہ مہنگائی بڑھے گی اور نیا ٹیکس نافذ کرنے کا بنیادی مقصد ہی ختم ہو جائے گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ PTI
Image caption نئے قانون کے اطلاق کے بعد ٹیکس چوری روکنے میں مدد ملے گی جس سے حکومت کی آمدنی بڑھے گی: ارون جیٹلی

لوک سبھا میں بی جے پی کی اکثریت ہے اور وہاں یہ وہاں یہ بل گذشتہ برس ہی منظور ہو گیا تھا۔ اس بل میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں اس لیے اسے دوبارہ منظوری کے لیے لوک سبھا بھی بھیجا جائے گا۔

راجیہ سبھا میں بے جے پی کی حکومت اقلیت میں ہے اس لیے اسے حزب اختلاف کی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ان کی تجاویزکو تسلیم کرنا پڑا ہے۔

بل کے نافذ ہونے کے بعد جگہ جگہ قائم چنگیاں بھی ختم ہو جائیں گی۔ جہاں سامان استمعال ہوگا، یا خدمات (سروسز) فراہم کی جائیں گی، ٹیکس وہیں وصول کیا جائے گا اور وفاقی حکومت ایک طے شدہ فارمولے کے تحت ریاستوں کو ان کا حصہ دے کر اپنا حصہ اپنے پاس رکھ لے گی۔

نئے قانون پر سب سے زیادہ اعتراض ان ریاستوں کو تھا جو مینیوفیکچرنگ ہب مانی جاتی ہیں، یعنی جہاں صنعتیں زیادہ ہیں انھیں یہ خطرہ ہے کہ ان کی آمدنی کم ہو سکتی ہے۔

تجزیہ نگاروں کے مطابق جی ایس ٹی کے اطلاق میں اب بھی سب سے بڑی رکاوٹ ایک الیکٹرانک نظام کا قیام ہے کیونکہ ٹیکس کی وصولی اور تقسیم سب کمپیوٹروں کے ذریعہ ہوگی اور آئندہ برس مارچ تک یہ نظام قائم کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

لیکن عام تاثر یہ ہے کہ یہ قانون نافذ ہونے کے بعد ملک میں کاروبار کرنا آسان ہو جائے گا۔