 |
|
شدت پسند سکول کے نزدیک سے فائرنگ کر رہے تھے: اسرائیلی |
اسرائیل کی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے غزہ میں اقوامِ متحدہ کے ایک سکول پر حملہ ایک غلطی تھی۔
تحقیقات کے مطابق اسرائیلی فوجی دستوں نے فلسطینی شدت پسندوں پر تین مارٹر گولے پھینکے جن میں سے ایک کا نشانہ چوک گیا اور سکول
پر جا گرا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شدت پسند سکول کے نزدیک سے فائرنگ کر رہے تھے اسرائیلی توپ خانے کے نشانہ لگانے کے نظام میں معمولی سی
غلطی کے سبب بم نشانے سے تیس میٹر دورگرا۔
فلسطینی طبی افسران کا کہنا تھا کہ اس حملے میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔اقوامِ متحدہ نے اس حملے کو خوفناک اور نا قابلِ
قبول قرار دیا تھا۔
دریں اثناءمتعدد ممتاز برطانوی یہودیوں نے اسرائیل کو ایک کھلے خط میں اپیل کی ہے کہ وہ غزہ پر فوری طور پر حملے بند کر دے۔
روز نامہ آبزرور میں شائع اس خط میں کہا گیا ہے کہ ہم اسرائیل کی مکمل حمایت کرتے ہیں لیکن اس فوجی کارروائی کو جاری رکھنے سے
سکیورٹی کے حالات بہتر نہیں بلکہ مزید خراب ہوں گے۔ان حملوں سے خطے میں شدت پسندی اور عدم استحکام پھیلے گا۔
اس خط پر دستخط کرنے والوں میں وکلا سیاست دان اور دیگر اہم شخصیات شامل ہیں۔
|