http://www.bbc.com/urdu/

Tuesday, 10 March, 2009, 09:19 GMT 14:19 PST

’امریکی جہاز نے خلاف ورزی کی‘

چین نے کہا ہے کہ جنوبی جزیرے ہینان میں چینی بحری جہازوں کے ساتھ محاز آرائی کرنے والے امریکی بحری جہاز نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

چین نے یہ سرکاری رد عمل چین کے دفاعی اتاشی کی پینٹاگون طلبی اور امریکی احتجاج کے جواب میں دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکہ کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز پانچ چینی جہاز اس کے غیر مسلح بحری نگران جہاز کے خطرناک حد تک قریب آگئے تھے۔

چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ امریکی دعویٰ بالکل قابلِ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ’امریکہ حقائق کو توڑ مروڑ کے پیش کر رہا ہے اور سیاہ اور سفید میں تفریق نہیں کر رہا۔‘

امریکہ کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جہاز ’یو ایس این ایس امپیکیبل‘ اپنے معمول کی کارروائی میں بین الاقوامی سمندر میں ہینان جزیرے سے ایک سو بیس کلومیٹر جنوب میں تھا۔

پینٹاگون کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’بین الاقوامی سمندر میں یو ایس این ایس امپیکیبل کے پاس چینی بحری جہازوں نے جارحانہ نقل و حرکت کی‘۔