’حملے سے پہلے امریکہ دس بار سوچے گا‘

پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ ملکی دفاع بیرونی امداد کا مرہون منت نہیں ہے اور پاکستانی فوج کا انحصار امریکی امداد پر نہیں ہے۔

یہ بات انہوں نے بری فوج کے صدر دفتر جی ایچ کیو میں پاکستانی پارلیمان کی ایک کمیٹی کو بریفنگ میں بتائی۔

پاکستانی پارلیمان کے دونوں ایوانوں کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے لیے اس خصوصی بریفنگ کا اہتمام منگل کے روز جی ایچ کیو میں کیا گیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق اس بریفنگ میں فوج کے سربراہ جنرل پرویز کیانی نے کہا کہ امریکہ کو شمالی وزیرستان پر حملہ کرنے سے پہلے ’دس بار‘ سوچنا ہو گا۔

یہ بریفنگ ایک ایسے وقت ہوئی ہے جب رواں ہفتے میں امریکی وزیرِ خارجہ افغانستان اور پاکستان کا دورہ کریں گی۔